
اسلام آباد:سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عیدالفطرآج 24 مئی بروز اتوار کو منائی جائے گی۔ وزیراعظم کے دفتر کو تجاویز ارسال کردی گئیں ہیں اب دفتر وزیراعظم جو فیصلہ کرے گا ہم اس پر عمل کریں گے لیکن ہمارے اعداد و شمار کے مطابق پوری مسلم دنیا کی طرح پاکستان میں بھی آج 24 مئی بروز اتوار کو عید الفطر ہوگی۔وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعوی کیا ہے کہ ان کی وزارت کے تیار کردہ چاند کے کیلینڈر کے مطابق آج 24 مئی کو پاکستان میں عیدالفطر کا پہلا دن ہوگا۔
ہفتہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ 22 مئی کی رات 10 بج کر 39 منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے اور آج غروب آفتاب کے بعد دوربین سے عید الفطر کا چاند واضح نظر آجائے گا۔انہوں کا کہنا تھا کہ سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں آج چاند 7 بجکر 36منٹ سے 8 بجکر 15منٹ تک چاند دیکھا جاسکتا ہے جس کی عمر 20 گھنٹے کی ہوگی جب کہ پشاور میں آج بھی چاند نظرآنے کا امکان نہیں۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد سے مذہبی تہواروں پر چاند دیکھنے پر تنازع دیکھا جاتا ہے، 1974 میں رویت ہلال کمیٹی بنی جس سے امید تھی مسئلہ حل ہوگا مگر رویت ہلال کمیٹی ہمیشہ تنازعات کا شکار رہی۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم خان کے اعلانات الگ الگ ہوتے ہیں حالانکہ مذہبی تہوار کو تنازع کے بجائے یکجہتی کا مرکز ہونا چاہیے۔وزیر سائنس نے کہا کہ پشاور میں مفتی پوپلزئی نے اتوار کی عید کا اعلان کیا ہے حالانکہ پشاور میں آج بھی چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔ایک سوال پرفواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنے سے ٹیکنالوجی کا تعلق نہ ہو نے کی بات مسترد کرتا ہوں کیونکہ اس دور میں دنیا میں چاند دیکھنا کوئی مسئلہ نہیں۔انہوں نے طنزیہ کہا کہ کہتے ہیں عینک سے چاند دیکھنا حلال ہے اور دوربین سے نہیں مگر عینک بھی تو ٹیکنالوجی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو آئین اور قانون کے تناظر میں چلانا ہوتا ہے لیکن مشاہدے میں یہ بات آئی کہ ہم ہر وقت مختلف مذہبی گروہوں کو ایڈجسٹ کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں جس کی وجہ سے وہ فرقہ ورانہ گروہ طاقتور ہوگئے ہیں اور اپنا اپنا حصہ مانگنا شروع کردیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عید پر جو تنازع پیدا ہوتا ہے وہ اس نفاق کا اظہار ہے کہ ریاست کو جن معاملات میں آئین قانون اور عقل کو ترجیح دینی چاہیئے اس پر ہم ایڈجسٹ کرنے میں لگے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا اب تو یہ مرحلہ آگیا ہے کہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ وہ جو مشنز چاند پر روانہ کریں گے وہ زیادہ عرصے تک چاند پر رہ سکیں گے اور کئی لوگ عید بھی چاند پر مناسکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام عقل کا دین ہے اور جو مذہب شروع ہی لفظ اقرا یعنی پڑھ سے ہو اور مسلمانوں کو علم حاصل کرنے کی تلقین کی جاتی ہو وہ مذہب علم عقل دلیل سے کیسے روک سکتا ہے۔وزیر سائنس کا کہنا تھا کہ جو افراد یہ کہتے ہیں کہ اسلام کا سائنس، ٹیکنالوجی، علم سے کوئی تعلق نہیں ہم ان کی اس کی دلیل کو مسترد کرتے ہیں، اسلام علم اور عقل کا دین ہے اور احادیث کی روشنی میں اسلام مستقبل میں دیکھنے والا دین ہے جبکہ قرآن تمام علوم کا ماخذ ہے اس لیے میں یہ بات مسترد کرتا ہوں چاند کی رویت کا ٹیکنالوجی سے تعلق نہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا ایک وعدہ یہ بھی تھا کہ اس تنازع کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے اور ملک میں ایک عید منائیں گے۔وزیر سائنس نے بتایا کہ ہم نے چاند کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں اسپیس ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں، ریاضی دانوں، محکمہ موسمیات کو شامل کیا اور علما کی رائے بھی لی گئی اور طریقہ کار وضع کیا۔فواد چوہدری نے بتایا کہ پاکستان میں 8 رصد گاہیں ہیں ان میں کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، لاہور، گلگت بلتستان، مظفرآباد اور جیونی میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب کہا جاتا ہے کہ 29 یا 30 کا چاند ہے اس کا مطلب کیا ہے کہ چاند کو زمین کے گرد ایک چکر مکمل کرنے میں 29 دنوں سے زیادہ لگ رہے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ نیا چاند ہوگیا ہے یہ اس وقت ہوتا ہے کہ چاند سورج اور زمین ایک لائن میں آجاتے ہیں اور زمین سے چاند نظر نہیں آتا اس لیے اسے کہتے ہیں کہ نیا چاند ہوجاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سورج اور چاند کی گردش اور سورج کی روشنی کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ غروب آفتاب اور چاند کے طلوع میں 38 منٹ کا فرق ہوگا تو وہ نظر آئے گا۔اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہ چاند کا نظر آنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ امام احمد بن حنبل، ڈاکٹر طاہر القادری اور ڈاکٹر جاوید خامدی کہتے ہیں کہ اگر ٹیکنالوجی کے ذریعے تعین کیا جارہا ہے تو چاند کا نظر آنا ضروری نہیں۔انہوں نے کہا کہ تاہم دیکھنے کے لیے ہم نے ایک رویت ایپ بنائی ہے جس میں آپ دیکھ سکیں گے چاند اس وقت کہاں موجود ہے، چاند 22 مئی رات 10 بج کر 39 منٹ پر پیدا ہوگیا ہے اور 23 مئی کو سانگھڑ، بدین، جیونی، پسنی اور ٹھٹہ میں 7 بج کر 36 منٹ سے لے کر 8 بج کر 14 منٹ تک چاند دیکھا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے ہوگی اور دنیا کے تمام ممالک آج عید منا رہے ہیں اور ہماری وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مطابق بھی پاکستان میںآج 24 مئی عید منائی جانی ہے تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث چاند نہیں دیکھا جاسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے کوئی زبردستی نہیں ہے لیکن یہ نہیں ہوسکتا ہے کہ کوئی پاکستان میں بیٹھ کر کہے کہ میں سعودی عرب، ایران، ترکی یا ملائیشیا کے قوانین پر عمل کروں گا نہیں بلکہ ہم پاکستانی قوانین پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہے۔



