گیسٹ ہائوس کے معروف کردار ویٹر مراد انتقال کر گئے،ریمبو , مسعود خواجہ و دیگر کا اظہار افسوس

 

 

اسلام آباد:نوے کی دہائی مقبول ڈرامے گیسٹ ہائوس میں ویٹر مراد کا مقبول کردار ادا کرنے والے میں آرٹسٹ طارق ملک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے، پاکستان ٹیلی ویژن کے اسلام آباد سینٹر سے نشر ہونے والے اس ڈرامے نے مقبولت کے ریکارڈ بنائے تھے اور اب تک لوگوں کے ذہنوں میں اس کے کردار زندہ ہیں۔طارق ملک کا یہ جملہ ٹپ ٹپ کرتامیں کمرے میں آتا ہوں زبان زد عام رہا۔
ویسے تو زیادہ شہرت افضل خان کو ملی جن کا کردار ریمبو سب کے دلوں میں بس گیا اور آج بھی وہ ریمبو کے نام سے ہی جانے جاتے ہیں مگر ویٹر مراد کا کردار ادا کرنے والے طارق ملک کو بھی لوگوں نے بہت زیادہ پسند کیا۔طارق ملک کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا اور سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ ایک ہفتے قبل ان میں کورونا وائرس کی تشخیص بھی ہوئی تھی مگر ان کا انتقال کارڈک اریسٹ کے باعث ہوا۔
اداکار افضل خان نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا ‘میرے گیسٹ ہاس کے ساتھی فنکار طارق ملک چل بسے۔راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے طارق ملک ریڈیو، اسٹیج اور ٹیلیویژن میں کام کرتے رہے تاہم انہیں شہرت 1991 میں گیسٹ ہائوس کے کردار سے ملی۔اس کے علاوہ انہیں ریڈیو پاکستان کے پروگرام جمہور نی آواز میں باوا جی کی صدا کاری کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔
کچھ عرصے قبل انہوں نے پوٹھوہاری زبان کے ایک پروگرام باوے نی چگی میں کام کیا جو اسی نام کے یوٹیوب چینل پر دستیاب بھی ہے۔
گیسٹ ہائوس پی ٹی وی کا ایک اور ایسا ڈرامہ ہے جس نے اپنے دور میں مقبولیت کے نت نئے ریکارڈز بنا دیئے تھے جس میں مسافروں کو درپیش مسائل کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا جاتا تھا۔
ڈرامے میں مراد کا ایک ڈائیلاگ ‘ٹپ ٹپ کرتا میں کمرے میں آتا ہوں’ بھی کافی مقبول ہوا تھا۔
قیصر فاروق، محمد نثار اور شاکر عزیر نے مختلف اقساط کو تحریر کیا جبکہ افضل خان اور طارق ملک کے ساتھ خالد حفیظ اور ثروت گیلانی بھی اہم کرداروں میں نظر آئے۔
پاکستان آرٹسٹ ویلفیئر فانڈیشن کے مرکزی چیئرمین ظہیر چوہدری اور مرکزی صدر معروف اداکار اینکر اور ہدایتکار مسعودخواجہ نے آرٹسٹ انڈسٹری کے شہرہ آفاق اور اپنے وقت کے ما نے ہوئے آرٹسو ں کی وفات پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ نعیم ببا طارق ملک حبیب مرزا سید اسجد علی شاہ اور دیگر آرٹسٹ اپنے کام اور کردارو ں کے حوالے سے ہمیشہ یاد گار رہیں گے جنہوں نے اپنی زندگی میں انتہائی نشیب و فراز دیکھنے کے باوجود خود کو ارٹ کے لئے وقف کئے رکھا اور ریڈیو ٹیلی ویژن فلم اسٹیج پر ایسے لافانی کردار ادا کیے جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ظہیر چوہدری اور مسعود خواجہ نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے اپیل کی کہ وفات پا جانے والے آرٹسٹوں کے اہل خانہکو حکومت پنجاب کی طرف سے مالی امداد دی جائے تاکہ ان کے اہل خانہ کی مالی مشکلات کا ازالہ ہوسکے انہوں نے مرحومین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔