اسلام آباد: پارلیمانی سیکرٹری برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نواز خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا جبکہ عوام کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے ۔ہزارہ موٹر وے منصوبے کا مانسہرہ سے تھاکوٹ تک کا افتتاح رواں ماہ میں وزیراعظم کریں گے، وفاقی حکومت صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے سڑکوں کی تعمیر کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔اتوار کو خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے نواز خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے پوری دنیا کے معیشت متاثر ہوئی ہے جبکہ اس وباء نے ترقی یافتہ ممالک کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے دنیا کی سب ٹیکنالوجی نے کورونا کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سی پیک منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے حکومت سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل کے پر امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا بلکہ عوام کو وافر مقدار میں روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ نواز خان نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان لازوال دوستی پر مبنی ہے جس نہ صرف دونوں ممالک کی دوستی میں اضافہ ہو گا بلکہ دونوں ممالک کی معیشت بھی مظبوط ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود متوازن بجٹ پیش کیاہے اور کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا بلکہ ٹیکس فری بجٹ پیش کرکے اپوزیشن جماعتوں کو حیران کر دیا ہے۔

