مصرمیں تین ہزار سال پرانے تابوت دریافت

 

 

جنوبی مصر میں حنوط شدہ لاشوں والے یہ تیس تابوت الاقصر میں کھدائی کے دوران ملے

قاہرہ : مصر میں ماہرین آثار قدیمہ کو فراعین کے دور کے ایسے درجنوں تابوت ملے ہیں، جو آج بھی بہت اچھی حالت میں ہیں۔ جنوبی مصر میں تین ہزار سال سے بھی زیادہ پرانی حنوط شدہ لاشوں والے یہ تیس تابوت الاقصر میں کھدائی کے دوران ملے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ماہرین ان قدیمی نوادرات کی دریافت کو جدید آرکیالوجی کے لیے انتہائی سنسی خیز واقعات میں سے ایک قرار دے رہے ہیں، یہ سب تابوت لکڑی کے بنے ہوئے ہیں اور ان پر مختلف روغنوں سے رنگا رنگ نقش و نگار بھی بنے ہوئے ہیں۔ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق ان میں سے پہلا تابوت زمین سے صرف ایک میٹر کی گہرائی میں دریافت ہوا اور اس کے بعد جب مزید کھدائی کی گئی، تو قریب ہی ایک قطار کی صورت میں وہیں پر مزید انتیس دیگر تابوت بھی رکھے ہوئے ملے۔
لکڑی کے یہ تابوت جنوبی مصر میں آثار قدیمہ کے خزانوں کا عظیم مدفن سمجھے جانے والے علاقے الاقصر میں العساسیف نامی اس قدیمی قبرستان سے ملے، جہاں سے پہلے بھی بہت سے نوادرات نکالے جا چکے ہیں۔قدیم مصر میں اس قبرستان میں اہم سماجی اور مذہبی شخصیات کو دفن کیا جاتا تھا۔ یہ 30 تابوت وہاں تین ہزار سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل دفن کیے گئے تھے اور ان کی حالت آج بھی غیر معمولی حد تک اچھی بتائی گئی ہے۔مصر میں آثار قدیمہ سے متعلقہ امور کے ملکی وزیر ڈاکٹر خالد العنانی نے صحافیوں کو بتایا، ”مصر میں انیسویں صدی عیسوی کے اختتام کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ ہمیں ازمنہ قدیم کے اور انسانی جسموں کی باقیات والے اتنے زیادہ تابوت اکٹھے ملے ہیں، جو آج بھی حیران کن حد تک اچھی حالت میں ہیں۔”مصری حکام کے مطابق ابتدائی جائزوں سے پتہ چلا ہے کہ ہزاروں سال قبل یہ تابوت تب انتقال کر جانے والے بچوں اور سماجی طور پر مذہبی رہنماؤں یا کاہنوں کا کردار ادا کرنے والے مردوں اور عورتوں کے لیے تیار کیے گئے تھے۔