فیڈمک نے سی پیک کے تحت بننے والے پنجاب کے سب سے بڑے اور واحد ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی ڈیزائننگ و کنسلٹنسی کا پراجیکٹ نیسپاک کے حوالے کر دیا

 

فیصل آباد: فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی نے چائینہ پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بننے والے پنجاب کے سب سے بڑے اور واحد ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کی ڈیزائننگ و کنسلٹنسی کا پراجیکٹ نیسپاک کے حوالے کر دیا ہے۔فیڈمک کے ترجمان کے مطابق اس سلسلہ میں فیڈمک کی  پروکیور منٹ کمیٹی کا اہم اجلاس چیئر مین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین خرم مختار، ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر سید ضیاء علمدار حسین،فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیمی،جی ایم ٹیکنیکل رانا یوسف اور دیگر حکام نے شرکت کی۔انہوں نے بتایاکہ پروکیورمنٹ کمیٹی کو 6کمپنیوں کی جانب سے ٹینڈرز موصول ہوئے جنہیں متعلقہ کمپنیوں کے نمائندوں کی موجودگی میں اوپن کیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ ا ن میں پہلے نمبر پر نیسپاک رہی جبکہ عثمانی ایسوسی ایٹس اور ایشیاء کنسلٹنٹس بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ دریں اثناء چیئر مین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کا کہناتھا کہ ایک قومی ادارے نیسپاک کا اس پراجیکٹ کا حصہ بننا خوش آئند ہے جس سے یہاں سرمایہ کاری کرنے والوں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔