راولپنڈی تھانہ چونترہ کے علاقے میں زمین کے تنازعے اور خاندانی دشمنی نے معصوم بچوں سمیت 9 افراد کی جان لے لی

 

 

راولپنڈی :تھانہ چونترہ کے علاقے میں زمین کے تنازعے اور خاندانی دشمنی نے معصوم بچوں سمیت 9 افراد کی جان لے لی تین زخمی ہوئے ۔واقعہ تھانہ چونترہ کی حدود میں واقع میال گائوںمیں پیش آیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ امتیاز گروپ اور رب نواز گروپ کے درمیان پیش آیا اور تنازع کی وجہ چند روز قبل میال گائوں میں رب نواز گروپ سے تعلق رکھنے والی خاتون کا قتل اور دونوں گروپوں کے مابین زمین کے معاملے پر دیرینہ دشمنی ہے۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ چند دن قبل ہونے والی قتل کی واردات کا بدلہ لینے پر پیش آیا۔
ان کہنا تھا کہ رب نواز گروپ کے ملزمان نے ایک گھر پر دھاوا بولا اور فائرنگ کردی جس سے 7 سالہ ایمان فاطمہ، 13 سالہ غزالہ بی بی، 16 سالہ صبیحہ خاتون، 9 سالہ فرحان ہلاک ہوئے جبکہ پانچ خواتین سلیم اختر، نثار بی بی، سدرہ بی بی، عزرہ بی بی اور عابدہ شاہین بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا گولیاں لگنے سے نور فاطمہ، عثمان اور ابراہیم زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے ایلیٹ کمانڈوز کو موقع پر روانہ کیا اور سینیئر افسران کے ہمراہ خود بھی موقع پر پہنچے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو)ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔