اقتصادی راہداری کا منصوبہ جہاں جہاں سے گزرتا ہے وہاں وہاں فرقہ وارانہ اور لسانی علاقائی تنازعات پیدا کرنے کی عالمی سازش ہورہی ہے
آئندہ نسل کیلئے سی پیک کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ،پنجاب کے اراکین صوبائی اسمبلی کیلئے منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے مقررین کا خطاب
اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایازنے کہا ہے کہ دشمن طاقتیں اقتصادی راہدری جیسے اہم منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنے کیلئے فرقہ واریت اور لسانیت کے مسائل پیدا کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں دشمن کی ان سازشوں کو بھاپنے کی ضرورت ہے ، پاکستان میں لسانی اور قومیتی حوالے سے تقسیم در تقسیم ہے ہمیں بہت ساری قوموں سے سیکھنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پنجاب کے اراکین صوبائی اسمبلی کیلئے منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ محر م الحرام کے حوالے سے کونسل کے متفقہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ اصولی طورپر حرم کا مہینہ ہے اوراس ماہ میں تو دشمنیاں بھی ختم ہوجانی چاہئے مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ محر م الحرام میں مذہبی تناو مزید بڑھ جاتا ہے علمائے کرام لوگوں کو امن کا سبق دے رہے ہوتے ہیں مگر محرم میں انتظامیہ علما کی منتیں کررہی ہوتی ہے انہوں نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف جیسے مسائل ہمارے لئے بڑا چیلنج ہے انہوںنے کہاکہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ جہاں جہاں سے گزرتا ہے وہاں وہاں فرقہ وارانہ اور لسانی علاقائی تنازعات پیدا کرنے کی عالمی سازش ہورہی ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں لسانی اور قومیتی حوالے سے تقسیم در تقسیم ہے ہمیں بہت ساری قوموں سے سیکھنے کی ضرورت ہے اور فرقہ وارانہ اور لسانی مسائل پر قابو پانا ضروری ہے انہوں نے کہاکہ آئندہ نسل کیلئے سی پیک کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ہے مگر اس وقت سی پیک کے روٹ میں شیعہ سنی اور قومیت کے بہت مسائل ہیں کوشش کی جا رہی ہے کہ سی پیک کو فالٹ لائن بنایا جائے اوردشمن کی سازش کو بھانپنے ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ محرم کے دوران علما و ذاکر ین کو بتانے کی ضرورت ہے کہ قانون پر ہر صورت عمل ہوگا سوشل میڈیا کے ذریعے سازش پھیلانے والے خوبصورت نعروں سے بڑھتے ہیں اگر امن اور خیر کی قوتیں اکٹھی ہوں تو شر کی قوتیں ناکام ہوجائیں گی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ممبر صوبائی اسمبلی راحیلہ خالد نے کہاکہ تمام سیاسی قائدین نے ملکر دہشتگردی کا خاتمہ کیا انہوں نے کہاکہ بعض قوانین سے فرقہ واریت پھیلنے میں مدد ملتی ہے ہمیں بطور اراکین پارلیمان ایسے قوانین بننے نہیں دینے چاہیے جن سے فرقہ واریت نہ پھیلے انہوںنے کہاکہ قیام امن کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور علماء کرام کو ایک پیج پر آنا ہوگا تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل نے کہاکہ سانحہ اے پی ایس کے بعد ساری قوم اکٹھی ہوئی اور نیشنل ایکشن پلان بنا گیا کیا ہمیں ہمیشہ اکٹھے ہونے کیلئے اے پی ایس کی ضرورت ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ شہدائے کربلا کو ہم یاد تو کرتے ہیں لیکن اسکی روح پر عمل نہیں کرتے ہیں شہدائے کربلا کے چاہنے والوں کو حق کا ساتھ دینا اور سچائی پر ڈٹ جانا چاہیے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی حسن مرتضیٰ نے کہاکہ تمام شہدائکو سلام پیش کرتا ہوں جنکی قربانیوں سے ملک میں امن ہے انہوں نے کہاکہ بی بی شہید نے دہشتگردی کا نشانہ بننے کے باوجود دہشت گردوں کو ہر وقت للکارا ہمیں چاہیے کہ بحیثیت قوم ایک دوسرے کو برداشت کریں اور دوسرے مسالک کا احترام کریں انہوں نے کہاکہ ملک میںدیرپا امن کیلئے ایک دوسرے کے نظریات کو برداشت کرنا ہوگا۔


