ہمیں ایسی امریکی انتظامیہ سے ڈیل کرنا پڑرہا ہے جو کامن سینس تک قبول کرنے کو تیار نہیں،سرگئی ریابکوف
ویانا :روس ایران پر امریکی پابندیوں کے خلاف کھل کر سامنے آگیا ہے ، روس کی جانب سے قراردیا گیا ہے کہ 20 ستمبر سے ایران پر پابندیاں لگانے کا کوئی قانونی اور اخلاق جواز نہیں ہے۔ دوسری طرفجوہری معائدے میں شامل تمام فریقوں نے امریکا کی جانب سے ایران پر عائد یکطرفہ پابندیاں مسترد کردی ہیں۔ روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا کہ ہمیں ایسی امریکی انتظامیہ سے ڈیل کرنا پڑرہا ہے جو کامن سینس تک قبول کرنے کو تیار نہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جے سی پی او اے کے مشترکہ کمیشن کے ویانا میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف کا کہنا تھا کہ بیس ستمبر سے ایران پر امریکا کی جانب سے پابندیاں لگانے کا قانونی جواز ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیل پر دستخط کرنے والے دیگر ممالک چین، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور یورپی یونین کا بھی اس معاملے پر یہی موقف ہے۔ بیس اگست کو اقوام متحدہ میں پیش امریکی قرارداد کی پندرہ میں سے تیرہ اراکین نے یا تو مخالفت کی تھی یا ووٹنگ میں حصہ ہی نہیں لیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیل سے یکطرفہ طور پر سن دوہزار اٹھارہ میں الگ ہوکر امریکا اس معاملے میں کسی بھی اقدام کا حق کھو چکا ہے۔

