آخری متاثرہ شخص کو معاوضہ ملنے تک کسی کو کوئی پلاٹ الاٹ نہیں ہو گا،جسٹس اطہر من اللہ

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز کے متاثرین کو معاوضہ دینے کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جتنی ناانصافی یہاں ہے کسی اور جگہ نہیں یہاں پر قبضے ہو رہے ہیں جرائم بڑھ رہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں جس پر وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے عدالت کو بتایا کہ ہم جو بھی میٹنگ کرتے ہیں اس میں متاثرین بھی شامل ہوتے ہیں۔ سی ڈی اے تحمل سے کام لے رہاہے، نادرا سے بیلٹنگ کرائی جا رہی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب تک آخری متاثرہ شخص کو معاوضہ نہیں مل جاتا تب تک کسی کو کوئی پلاٹ الاٹ نہیں ہو گا اس موقع پر معاون خصوصی علی نواز اعوان نے عدالت کو بتایا کہ جب سے اسلام آباد بنا ہے تب سے اس کے مسائل چل رہے ہیں مفادات کے ٹکراو کے علاوہ اسلام آباد میں کچھ بھی نہیں عدالت نے سی ڈی اے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔




