امریکی فوجی اڈہ ‘فورٹ ہڈ’ جرائم کا گڑھ، افغانستان جانا منظور یہاں تعینات نہ کریں،اہلکاروں کی دہائی

فوجی اڈے میں قتل اور جنسی جرائم سمیت دیگر واقعات میں ملوث میجر جنرل سمیت 14 اہلکاروں کو معطل یا نوکری ہی سے نکالا جاچکا ہے

ٹیکساس:امریکی ریاست ٹیکساس میں قائم امریکا کا سب سے بڑا ‘فورٹ ہڈ’ فوجی اڈہ جرائم کا گڑھ نکلا جہاں قتل اور جنسی جرائم سمیت دیگر واقعات میں ملوث میجر جنرل سمیت 14 اہلکاروں کو معطل یا نوکری ہی سے نکالا جاچکا ہے۔
رواں سال اپریل کے مہینے میں 20 سالہ ونیسا گلین یہاں سے لاپتا ہوئی تھیں اور جون میں ان کی باقیات مل پائی تھیں۔ ونیسا گلین کو ساتھی فوجی اہلکار ارون روبنسن نے سر پر ہتھوڑے کے وار سے قتل کرکے ان کی لاش کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے جنگل میں دفنا دیا تھا تاہم تحقیقات شروع ہونے پر ارون روبنسن نے خود کشی کرلی تھی۔
لاپتا ہونے سے قبل ونیسا گلین نے خاندان والوں کو ساتھی اہلکار کی جانب سے ہراساں کرنے کے بارے میں اعتماد میں لیا تھا۔یہی نہیں اہلکار مورٹا اور فرنانڈس بھی غائب ہوگئے تھے جن کی پراسرار ہلاکت کو بعد میں قدرتی موت کہہ کرپردہ ڈال دیا گیا تھا۔
ونیسا گلین کی موت امریکی فوج میں جنسی تشدد پر بے حسی کے رویے کے حوالے سے می ٹو مہم کا سنگ میل ثابت ہوئی جس پر شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آیا۔
جس کے بعد فوج نے تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کی اور اب 2500 اہلکاروں کے انٹرویوز کی بنیاد پرکی گئی تفتیش سے واضح ہوا ہے کہ اس فوجی اڈے کے اعلی ترین افسران نے ہی آنکھیں بند کررکھی تھیں اورجرائم کے لیے ایسا ماحول بنایا تھا کہ ماتحتوں کو کھلی چھوٹ حاصل تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیادتی اور دیگر واقعات کا شکار اہلکار اپنے ساتھ پیش آئے واقعات کا بتاتے ہوئے کانپتے تھے کیونکہ انہیں ڈرتھا کہ کہیں اس سے زیادہ عذاب نہ جھیلنا پڑے اور ترقی کے امکانات ہی ختم نہ ہوجائیں جبکہ بعض متاثرین کو تو یہ دھمکیاں دی گئی تھیں کہ اگرزبان کھولی تو گھروالوں کی بھی خیر نہیں۔غفلت برتنے پر میجر جنرل جیفری براڈ واٹر کومعطل کردیا گیا ہے جبکہ 13 دیگر اہلکار بھی معطل یا نوکری سے نکالے گئے ہیں تاہم ان کیخلاف مجرمانہ کارروائی کی اطلاعات نہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فورٹ ہڈ فوجی اڈے میں اہلکاروں کو ایسے جنسی حملوں اور زیادتیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے کہ اکثر اہلکار کہتے ہیں کہ لڑنے کے لیے افغانستان بھیج دو مگر اس اڈے پر تعینات نہ کیا جائے۔رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ فوج کا کلچربدلا جائے، اہلکاروں کی تعیناتی کے طریقہ کار اوران کے تحفظ کے پروگرام کو بہتربنایا جائے اور کانگریس واقعہ کی مکمل چھان بین کرے۔
اب ان واقعات کی تحقیقات کانگریس کرے گی۔ اس سے قبل ایک سال میں ٹیکساس بیس پر 28 فوجیوں کی ہلاکت پر بھی کانگریس تحقیقات کرے گی۔