یورپین یونین مقبوضہ کشمیر میں اپنا فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے ,فاروق حیدر

آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے یورپین یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اپنا فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا پہلا مشن 2004 میں مقبوضہ کشمیر گیا تھا آج 2017 ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں حالات پہلے سے بہت زیادہ بد تر اور سنگین ہوچکے ہیں ۔

ہم انہیں آزاد کشمیر کے دورے کی بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ہاں بھی آئیں اور دوسری طرف بھی جائیں اور خود اپنی آنکھوں سے دیکھیں کہ انڈیا وہاں کس طرح ظلم کے پہاڑ توڑ رہاہے ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے ان خیالات کا اظہار یورپین پارلیمنٹ برسلز میںروزنامہ جنگ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جہاں وہ کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید کی دعوت پر یورپین پارلیمنٹ میں منعقدہ 9 ویں کشمیر ای یو ویک میں شرکت کیلئے برسلز آئے ہوئے ہیں ،اس موقع پر ان کے ہمراہ آزاد کشمیر کے وزیر چوہدری طارق فاروق ، اوورسیز ایم ایل اے راجہ جاوید بھی موجود تھے۔

پارلیمنٹ میں اس ہفتہ کشمیر کی میزبانی فرینڈز آف پاکستان گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر سجاد کریم ،ایم ای پی کر رہے ہیں ۔

راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ یورپ نے خود جنگ عظیم اول اور دوم میں بہت قربانیاں دی ہیں، انہی تجربات کی بنیاد پر انسانی حقوق کیلئے انکی بہت خدمات ہیں ۔

ہم دنیا اور یورپ کا دروازہ کھٹکھٹا نے نکلے ہیں کہ ہمارے لوگ بھی انسان ہیں، ہمیں بھی اپنے لئے مستقبل کے خواب دیکھنے کا حق حاصل ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں ہمار ا حق مل جائے ۔