
راولپنڈی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاکستان کی نجی ایئر لائن سیرین ایئر کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے سیرین ایئر کو جدہ اور ریاض کے لیے اپنی پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
نجی ایئرلائن جنوری 2021 میں جدہ، ریاض، دبئی اور شارجہ کے لیے اپنی پروازیں شروع کرے گی۔ ایئر لائن سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے اپنی فلائٹ چلانے کے لیے نئی ایربس اے 330 اور بوئنگ 777 طیارے استعمال کرے گی۔
سیرین ایئر نے چین اور برطانیہ کے لیے پروازیں چلانے کی اجازت بھی طلب کی اور اس درخواست پر کارروائی جاری ہے۔
ایئر لائن نے مقامی سطح پر آپریشن 4 سال قبل شروع کیا تھا۔
سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر ہوائی نقل و حمل اور معاشی ضوابط نے بین الاقوامی پروازوں کو چلانے کے لیے سیرین ایئر کو اجازت دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ‘متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے لیے سیرین ایئر کا عہدہ متعلقہ ایروناٹیکل حکام نے قبول کیا ہے، سیرین متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے اور اب تک بین الاقوامی کارروائیوں کے آغاز کے لیے اپنا آپریشنل منصوبہ پیش کرنا چاہیں گے۔ایئر ٹرانسپورٹ کی فلائٹ مینجمنٹ کے ذریعے مناسب وقت پر باقاعدہ پرواز کا شیڈول پیش کیا جائے جب سیرین ایئر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے لیے تیار ہو۔
سیرین ایئر کے ایک اعلی عہدیدار کے مطابق جدہ اور ریاض میں ایئر لائن کے دفاتر پہلے ہی قائم ہوچکے ہیں اور جلد ہی دبئی اور شارجہ میں دفاتر قائم کردیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 وبائی بیماری کے سبب بین الاقوامی پروازوں کو چلانے کے عمل میں تاخیر ہوئی تھی لیکن اس کا آغاز جنوری 2021 میں کیا جائے گا۔



