مقبوضہ کشمیر میں جاری بدترین بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کیلئے یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

This image has an empty alt attribute; its file name is 2-4-1024x663.jpg



اسلام آباد(نیوزرپورٹر) مقبوضہ کشمیر میں جاری بدترین بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کیلئے مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر ،پاکستان اور دنیا بھر میںموجود کشمیریوں اور پاکستانیوں نے جمعہ پانچ فروری کو بھارتی ظلم وستم کا شکار مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم یکجہتی کشمیر اس عزم کے ساتھ منایا کہ بھارت اب زیادہ دیر تک کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا اور عنقریب اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملے گا۔ جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومت پاکستان کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیاتھا ، ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس سلسلے میںجڑواں شہروں میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے ہوئے ۔ صدر مملکت عارف علوی نے آزادکشمیر کا دورہ کیا اور آزاد کشمیر کی اسمبلی سے خطاب بھی کیا۔ وزیراعظم عمران خان ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، بیرسٹر سلطان اور دیگر نے کوٹلی میں جلسہ عام سے خطاب کیا ۔اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے زیراہتمام مظفر آباد میںجلسہ عام ہوا۔ جس سے پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین مولانا فضل الرحمان ، مریم نوازشریف اور بلاول بھٹو کے علاوہ دیگر نے خطاب کیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جڑواں شہروں میں مختلف شاہرائوں اور اہم گزرگاہوں پر کشمیر ی اور پاکستان پرچم ، پوسٹر اور بینرآویزاں کئے گئے تھے جن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی تھی۔ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹ اور وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے زیراہتمام ایک خصوصی تقریب ہوئی جس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیری نغمے اور سٹیج پلے بھی ہوا جموں و کشمیر لبریشن سیل (میڈیا ونگ) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے زیر اہتمام صفا مالز اسلام آباد میں دستخطی مہم ہوئی مشعال ملک اور ان کی بیٹی نے بھی وہاں دستخط کئے ۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر مبنی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی اور سٹال کا دورہ کرنے والی شخصیات کو بریفنگ دی گئی ۔فارن آفس سے پارلیمنٹ ہائوس تک ریلی نکالی گئی جس میں چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراطلاعات شبلی فرازاور دیگرنے شرکت کی۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام کراچی کمپنی میں ریلی ہوئی ۔کشمیر کو پاکستان سے ملانے والے تمام راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔مظفرآباد میں یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب کوہالہ پل پر ہوئی جس میں طلبہ و طالبات، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیر کی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، اس موقع پر چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان کے وزرا نے خصوصی شرکت کی ۔ ملک بھر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔بعدازاں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چاروں صوبوں ،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان سے حکومتی عہدیداران اور عوام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی ، بھارتی مظالم کی مذمت اور ان کے بنیادی حق حق خود ارادیت کے حق میں قرارداد پیش کی گئی ۔ پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے پاکستان سویٹ ہوم کے ننھے فرشتوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی۔لوک ورثہ کے قومی ادارے نے اس موقع پر تین روزہ کشمیر ثقافتی میلے کا اہتمام کیا ۔تین روزہ کشمیر ثقافتی میلے کا افتتاح وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات جناب شبلی فراز نے کیا۔میلہ ہفتہ اور اتوار کو بھی صبح دس بجے سے رات دس بجے تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر کشمیری دستکار اور فنکار دن بھر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی خوبصورت کشمیری ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کرتے رہیں گے۔جبکہ کشمیری کھانے بھی اس دوران یہاں دستیاب ہوں گے۔واضح رہے پاکستانی قوم 31 برسوں سے یوم کشمیر منا رہی ہے جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔