سی ڈی اے کے ڈائریکٹر سینیٹیشن اینڈ سیوریج فورس فیلڈ کمانڈر کے لقب سے مشہور عوام میں مقبول سی ڈی اے ڈائریکٹر سردار خان زمری کا تبادلہ کر دیا گیا. سردار خان زمری نے بطور ڈائریکٹر سینیٹیشن اینڈ سیوریج تقریبا چھ سے سات سال تک خدمات سرانجام دیں. آپ کا کام کرنے کا طریقہ کار باقی ڈائریکٹر صاحبان سے مختلف تھا. آپ ہمیشہ فیلڈ میں اپنے ورکرز کیساتھ کھڑا ہو کر کام کراتے تھے. آپ نے اپنے کام میں جدت بھی پیدا کر دی تھی اور نیا ٹرینڈ متعارف کرایا تھا. آپ نے سوشل میڈیا کے ذریعے عام عوام کو اپنے تک رسائی دے رکھی تھی اور ہر خاص و عام آپ سے براہ راست رابطہ کر کے شکایات پہنچا سکتا تھا. اسلام آباد کے عوام میں آپ فیلڈ کمانڈر کے لقب سے مشہور ہیں. آپ نے اگست 2020 سے اکتوبر 2020 تک ڈی جی واٹر مینیجمنٹ کے طور پر بھی ذمہ داریاں سرانجام دیں ہیں اور اس دوران میں آپ نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین کے پانی کے مسئلے پر کاری ضرب لگاتے ہوئے اس مسئلے کو حل کر دیا تھا. سردار خان زمری نے اس موقع پر اپنے سٹاف اور فینز کے نام پیغام میں کہا کہ یہ تقرر و تبادلے سروس کا حصہ ہیں. اس دوران آپ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اگر مجھ سے کوئی کوتاہی یا غلطی ہو گئی ہو تو اس پر میں معذرت خواہ ہوں.


