بندش کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہیں ،حکومت جان بوجھ کر ملک کو تعلیمی پسماندگی کا شکار کر رہی ہے
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے کورونا ایس اوپیز کے تحت نجی تعلیمی اداروں کے 31 مارچ کو اعلان کردہ لانگ مارچ کی اجازت نہ دینے کے حکومتی اعلان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سکولوں کی بندش کے خلاف نجی تعلیمی اداروں کا لانگ مارچ ہر حال میں کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ 26 مارچ کونیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے جو ہر صورت کیا جائے گا۔ ملک ابرار حسین نے کہا کہ حکومت یا ضلعی انتظامیہ نے لانگ مارچ کے حوالے سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا،فقط خبروں میں ہی سن رہے ہیں کہ حکومت لانگ مارچ روکنا چاہتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کورانا کی آڑ میں تعلیمی اداروں کی بے جا بندش قبول نہیں، حکومت تعلیمی اداروں کو کھولنے اور ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے پر توجہ دے۔ملک ابرار حسین کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں امتحانات ملتوی کرانا تعلیم دشمنی کے مترادف ہے،حکومت جان بوجھ کر ملک کو تعلیمی پسماندگی کا شکار کر رہی ہے، اس لیے سکولوں کی بندش کاحکومتی فیصلہ یکسر مسترد کرتے ہیں۔



