عمران خان کشمیر کے معاملے میں غلطی پرغلطی کررہے ہیں، وہ کبھی کشمیرکے سفیر تو کبھی کلبھوشن کے وکیل بنتےہیں بلاول بھٹو


کراچی(سٹاف رپورٹر ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردار ی نے کہا ہے کہ حکومت کی کشمیر پالیسی کنفیوژن اور تضادات پر مبنی ہے، وزیراعظم عمران خان کشمیر کے معاملے میں غلطی پرغلطی کررہے ہیں، وہ کبھی کشمیر کے سفیر تو کبھی کلبھوشن کا وکیل بنتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف پہلے دن سے آواز اٹھا رہے ہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل پر احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف ڈیل عوام دشمن ڈیل ہے اور پاکستان کے مفادات کے خلاف ہے، سارا بوجھ پاکستان کے عوام پر ہے، پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف ڈیل سے نکالنا چاہیے کیونکہ یہ غلط ڈیل ہے اور عوام کی توقعات کے مطابق نہیں ہے، یہ ڈیل عوام کو مزید غریب بنا دے گی، عام آدمی پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے سارے کام آئی ایم ایف کے ساتھ بند کمرے میں بیٹھ کر ہی کرنا ہے تو پھر پاکستان بجٹ بھی آئی ایم ایف سے ہی بنوا لیں جبکہ حکومت سٹیٹ بینک آف پاکستان کی خود مختاری ایک آرڈیننس کے ذریعے چھیننا چاہتی ہے اور پاکستان کے پارلیمان کو بائی پاس کیا جا رہا ہے جو عدالت کو بھی جوابدہ نہیں ہو سکتا ہے۔ پیپلز پارٹی نے کبھی کشمیر کاز پر کمپرومائز نہیں کیا ہے، ہمیشہ کشمیریوں کی آواز بنے ہیں، کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم کی جانب سے کبھی بھی اپوزیشن یا پارلیمان کے نمائندوں سے بات چیت نہیں کی گئی، کبھی وزیراعظم کشمیر کے سفیر بنتے ہیں تو کبھی وہ کلبھوشن کے وکیل بننے کے چکر میں ہیں۔