
اسلام آباد(خبرنگار) صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ زاہد محمود ایڈووکیٹ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی ایک بڑا اعلان کر دیا ہے، جس سے اسلام آباد کے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے. انہوں نے اسلام آباد کے مقامی سوشل میڈیا پیج لولی جی ٹین فور کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد کے تمام مستحق افراد کیلئے فری لیگل سروس کا اعلان کر رہے ہیں. ان کا کہنا ہے کہ ایسے تمام مستحق افراد جنھیں مالی مشکلات کا سامنا ہو، اور وہ لیگل فیس ادا کر کے کورٹ میں کیس نہ لڑ سکتے ہوں، تو ایسے تمام افراد مجھ سے میرے آفس میں رابطہ کریں. ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے فری لیگل ایڈ کمیٹی قائم کر دی ہے جو نہ صرف مفت قانونی مشاورت فراہم کر رہی ہے بلکہ عدالت میں کیس بھی بغیر کسی فیس کے لڑ رہی ہے. ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا کوئی بندہ جو ضرورت مند ہو، میں انکی خدمت کے لیے حاضر ہوں. اس سہولت سے اسلام آباد کے شہری بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں. صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ مستحقین ان سے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے دفتر کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔ان کے اس اعلان کا اسلام آباد کے شہریوں نے بھرپور خیر مقدم کیا ہے. شہریوں کا کہنا تھا کہ راجہ زاہد محمود ایڈووکیٹ ایک دردِ دل رکھنے والے وکیل ہیں، مہنگائی کے اس دور میں فری لیگل سروس کی فراہمی کا اعلان کر کے انھوں نے اہلیانِ اسلام آباد کے دل موہ لئے ہیں.


