پی ایس ایل فائنل، اظہر محمود اور اہلیہ میں دلچسپ مکالمہ


جن نظروں سے دھانی کو دیکھتے ہیں کبھی مجھے بھی دیکھیں اہلیہ کا شکوہ


آپ کبھی شاہنواز دھانی جیسی بولنگ بھی تو کرکے دکھائیں اظہر کا جواب


سابق قومی کرکٹر اور پی ایس ایل کے سیزن 6 کی فاتح ٹیم ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ اظہر محمود اور اہلیہ ایبا قریشی کی دلچسپ گفتگو شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔میچ کے دوران اظہر محمود بولر شاہنواز دھانی کے ہمراہ کیمرے میں آئے، اس وقت اظہر محمود بولر کو بڑی پیار بھری نگاہوں سے دیکھ رہے تھے۔
اس موقع کو کیمرے نے اپنی آنکھوں میں قید کیا تو سوشل میڈیا صارفین بھی اس پر میمز بنانے سے باز نہ رہے۔
ایک صارف نے اظہر محمود اور شاہنواز دھانی کو ٹیگ کرتے ہوئے اس خوشگوار لمحے کی ایک جھلک شیئر کی اور کہا کہ کسی ایسے شخص کو اپنی زندگی میں تلاش کریں جوآپ کو بالکل ایسے دیکھے اس تصویر میں جیسے اظہر محمود شاہنواز دھانی کو دیکھ رہے ہیں۔
تصویر کے ایسے دلچسپ اور منفرد کیپشن پر اظہر محمود اور ان کی اہلیہ ایبا قریشی بھی ردعمل دیے بغیر نہ رہ سکیں۔ایبا قریشی نے اس ٹوئٹ پر وقتی ناراضی کا اظہار کردیا اور شکوہ کرتے ہوئے لکھا کہ کبھی مجھے بھی ایسے دیکھ لیا کریں۔


سابق کرکٹر نے اس ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایبا قریشی ایسی بولنگ کروانے لگ جاتی ہیں تو میں بھی انہیں بالکل ایسے ہی پیار بھری نظروں سے دیکھوں گا۔
پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ شاہنواز دھانی بڑے پلیٹ فارم پر کھیل رہا ہے اور کرکٹ کو بہت انجوائے کررہا ہے۔
اظہر محمود نے کہا کہ شاہنواز دھانی بھی مجھے شعیب اختر جیسے لگتے ہیں کیونکہ ان کا انرجی لیول ہی الگ ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہنواز دھانی میں سیکھنے کا شوق ہے۔