نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم اٹھارہ سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان کے دورے پر پہنچ گئی


سابق کرکٹرز اور شائقین کا جوش و خروش دیدنی


اسلام آباد(نیوزرپورٹر)نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 18سال بعد ہفتہ کو پاکستان کے دورے پر پہنچ گئی ۔دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔تینوں ون ڈے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی اور ٹی 20 لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔ ڈی آر ایس سسٹم کی عدم دستیابی کے سبب سیریز کو دوطرفہ سیریز کا درجہ دیا گیا ہے اور آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔واضح رہے کہ ڈی آر ایس سسٹم کے لیے آئی سی سی کے نامزد آفیشلز دستیاب نہیں تھے جس کی وجہ سے سیریز میں یہ ٹیکنالوجی دستیاب نہیں ہو گی۔نیوز ی لینڈاب 2 ٹسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لئے دوبارہ 2022 میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ لہذا دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ اب اس سیریز میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے کوالیفیکشین کہلائیں گے۔پاکستان آمد کے بعد اب نیوزی لینڈ کی ٹیم تین دن آئسولیشن میں گزارے گی جس کے بعد وہ پریکٹس کا آغاز کرے گی۔اس سیریز کے لیے نیوزی لیند کو اہم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہیں اور ٹیم کی قیادت بھی مستقل کپتان کین ولیمسن کی جگہ ٹام لیتھم کریں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان تمام ایک روزہ میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 17، 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ تمام ٹی ٹوئنٹی میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 25 ستمبر سے 3 اکتوبر کے درمیان کھیلے جائیں گے۔آئندہ ماہ ٹی20 ورلڈ کپ کے پیش نظر اس سیریز کو عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ 2002 میں نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے دوران کراچی میں ٹیم کے ہوٹل کے قریب بم دھماکے میں 14 افراد کی ہلاکت کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم دورہ ادھوارا چھوڑ کر وطن واپس لوٹ گئی تھی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جب پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز میں پاکستان نے مہمان ٹیم کے خلاف کلین سوئیپ کیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان نے اٹھارہ سال میں تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کی تاہم تینوں مرتبہ سیریز کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے۔لہذا، مہمان ٹیم کے ایک طویل عرصہ بعد پاکستان آمد پر کرکٹ حلقے خوش اور سنسنی خیز میچز دیکھنے کے منتظر ہیں۔ نیوز ی لینڈ کرکٹ ٹیم
کی آمد کے موقع پر ائرپورٹ سے ہوٹل تک سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔