اسلام آباد :اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کریانہ ریٹیلرز کے لیے 8% احساس راشن کمیشن کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا، "احساس راشن رعایت ڈیزائن کے تحت، کریانہ ریٹیلرز کے لیے 8% خصوصی کمیشن عالمی طریقہ کارکے عین مطابق ہے۔” انہوں نے کہا، "یہ خصوصی پیشکش کریانہ ریٹیلرز کی راشن رعایت پروگرام کے ذریعے سبسڈی کی تقسیم میں حکومت کی مدد کرنے میں حوصلہ افزائی کرے گی۔”
کریانہ ریٹیلرز کو بااختیار بناتے ہوئے، احساس راشن کمیشن انہیں نقد پر مبنی لین دین سے الیکٹرانک لین دین کی طرف منتقل کرنے، اپنے بینک اکانٹس کھولنے، انٹرنیٹ سے چلنے والے آلات نصب کرنے اور پروسیسنگ پر خرچ ہونے والے اضافی وقت کی تلافی کرنے کے قابل بنائے گا۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق، کریانہ ریٹیلرز بھی ہر سہ ماہی ہونے والے لکی ڈرا سیکاریں، موٹر سائیکلیں، موبائل فون اور دیگر مختلف انعامات جیت کرفائدہ اٹھائیں گے اور یہ ان کی کارکردگی سے منسلک ہوگا۔ نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) احساس راشن رعایت پروگرام کے لیے حکومت کا عملدرآمدی شراکت دار ہے۔
فی الحال، احساس راشن پورٹل (https://ehsaasrashan.pass.gov.pk/) ملک بھر میں تمام پیمانے کے کریانہ ریٹیلرز کو رجسٹر کرنے کے لیے کھلا ہے۔ کریانہ ریٹیلرزکے لیے بینک اکانٹ کا ہونا لازمی ہے۔ جن کے بینک اکانٹس نہیں ہیں انہیں NBP کی قریبی شاخوں میں اپنے بینک اکانٹس کھولنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ خاندان 8171 کے ذریعے رجسٹر کر سکتے ہیں۔


