
لاہور :خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا رد عمل سامنے آیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی جا رہی ہے! وہ بھی رسوائی، بدنامی اور کروڑوں بد دعائیں سمیٹ کر۔ عوامی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ تبدیلی آ نہیں رہی بلکہ تبدیلی جا رہی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ تبدیلی رسوائی، بدنامی اور کروڑوں بد دعائیں سمیٹ کر جا رہی ہے۔ اپنے ٹوئیٹ میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ تبدیلی 22 کروڑ کے ملک کو مہنگائی، لاقانونیت، نالائقی اور نااہلی کی دلدل میں دھکیل کر جا رہی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ہر شعبہ میں بدترین اور تاریخی ناکامی کے انمٹ داغ اپنے ماتھے پر سجا کر وہ جا رہی ہے تبدیلی۔
واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں انتخابات ہوئے جن میں سٹی میئر اور تحصیل چئیرمین کی نشستوں پر کڑا مقابلہ ہوا۔
انتخابات میں جمعیت علما اسلام کو برتری حاصل ہے، جب کہ پاکستان تحریک انصاف کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے۔ ابتدائی نتائج میں جے یو آئی پچھلے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ملنے والی برتری ختم کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع کی 64 تحصیلوں میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق تحصیل چئیرمین کے لیے جمعیت علما اسلام 18 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے۔
حکمراں جماعت کا 14 سیٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔آزاد امیدوار 8 نشتوں کے ساتھ تیسرے نمبر جب کہ اے این پی 8 سیٹیں لینے میں کامیاب ہو گئی،ن لیگ تین نشستوں، جماعت اسلامی دو پر کامیاب ہو ئی۔پیپلز پارٹی ایک سیٹ پر جیت سکی۔پشاور سٹی میئر کی نشست پر جے یو آئی نے میدان مار لیا اور الیکشن بھاری اکثریت سے جیت لیا۔جے یو آئی کے زبیر علی کو 11 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جب کہ پی ٹی آئی کے رضوان بگنش دوسرے نمبر پر ہیں۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ گذشتہ روز ہوئی.۔ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی ہے، انتخابات کے پہلے مرحلے میں اب تک جے یو آئی ایف 64 میں سے 19 تحصیلوں میں برتری حاصل کرکے سب سے آگے ہے، 4 میں سے 3 اہم شہروں پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں جے یو آئی کا میئر کا امیدوار رہا۔


