جب شاہین شاہ آفریدی نے شاہد آفریدی کا مشورہ در خور اعتناء نہ جانا

لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے کپتانی نہ لینے کے مشورے کو نہ ماننے کی وجہ بتادی ہے۔

حال ہی میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ لالا کا ماننا تھا کہ کپتانی سے میری بولنگ متاثر ہوگی،میری ان سے اس موضوع پر بات ہوئی تھی۔قومی فاسٹ بولر نے کہا کہ شاہد آفریدی نے مجھے یہ مشورہ دیا تھا کہ کپتان بننے کا فیصلہ ابھی نہ لو لیکن مجھے لگتا ہے کہ انسان کو کسی چیز کا جب موقع ملے تو اسے ضرور حاصل کرنا چاہیے ۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی کپتانی ضرور ایک چیلنج ہے لیکن محمد حفیظ اور فخر زمان کی ٹیم میں موجودگی سے آسانی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اس فرنچائز نے مجھے بہت پیار دیا ہے، میں 2018 سے اس ٹیم کے ساتھ ہوں، جو چیزیں مجھے چاہیں تھیں وہ اس نے مہیا کی، اور مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل شاہد آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میری شاہین سے بات ہوئی تھی تو میں نے اسے کپتانی لینے سے منع کیا تھا، میں نے شاہین شاہ کو سمجھایا کہ آپ ایک، دو سال رک جائو اور اپنی بولنگ پر بھرپور توجہ دو لیکن اس نے میری نہ سنی کیونکہ وہ بھی آفریدی ہے۔