وزیراعظم آذاد کشمیر کا بڑا فیصلہ ، تحریک عدم اعتماد لانے والے چار وزراء اور ایک مشیر برطرف

برطرف وزرا میں سینیئر وزیر تنویر الیاس، عبدالماجد خان، خواجہ فاروق ، علی شان سوہنی و مشیر چوہدری محمد اکبر شامل


اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والے چار وزرا و ایک مشیر کو عہدوں سے برطرف کر دیا۔
برطرف وزرا میں سینیئر وزیر تنویر الیاس، عبدالماجد خان، خواجہ فاروق احمد، علی شان سوہنی و مشیر چوہدری محمد اکبر شامل ہیں، وزیراعظم ہاس نے چاروں وزرا و مشیر کی برطرفی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹفیکیشن کے مطابق مذکورہ وزرا کو مس کنڈکٹ، بد عنوانی اور مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے برطرف کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 12 اپریل کو آزاد کشمیر میں حکمران جماعت کے 25 ممبران قانون ساز اسمبلی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔
سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے عدم اعتماد کی تحریک کی محرکات اور اس کے پیچھے پس پردہ سازش سے پارٹی قائد کو آگاہ کیا تھا۔
پارٹی چیئرمین سے ملاقات کے بعد اب وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے حکومت کے سینئر وزیر سمیت چار وزرا و ایک مشیر کو برطرف کردیا ہے۔