پارلیمنٹ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کو اون کریگی، وزیرداخلہ

مذاکرات صرف آئین کے تحت آگے بڑھیں گے،پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلاکر وزیراعظم ایوان کو اعتماد میں لیں گے


اسلام آباد:قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، جس میں عسکری اور سیاسی قیادت نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات کو اون کرے گی، مذاکرات صرف آئین کے تحت آگے بڑھیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں وفاقی وزرا، عسکری قیادت اور دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں سیکیورٹی صورتحال اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات پر سیاسی قیادت کو بریفنگ دی گئی، شرکا کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا گیا۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملکی سلامتی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی کو افغانستان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔
تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں قومی و داخلی سلامتی کے اہم امور بھی زیر بحث آئے۔
وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ساتھ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی میں عسکری و سیاسی قیادت موجود تھی، وہاں افغانستان کی صورتحال کے متعلق گفتگو ہوئی، فیصلہ ہوا ہے ایسی بریفنگ پر پارلیمنٹ کا ان کیمرا اجلاس بلایا جائے گا، وزیراعظم ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے شرکا کو ٹی ٹی پی، افغانستان کیساتھ بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ دی گئی، مذاکرات کا معاملہ پارلیمان کے فورم سے آگے بڑھایا جائے گا، مذاکرات آئین کے اندر رہتے ہوئے ہوں گے، امن یقینی بنایا جائے گا۔
سیاسی معاملات
رانا ثنا اللہ نے سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا امریکی سازش کا بیانیہ کہاں گیا؟، جہاں ہاتھ ڈالیں آپ کے فرنٹ مینز کا نام نکلتا ہے، قومی خزانے میں 50 ارب روپے واپس آنا تھا، آپ نے 7 ارب حاصل کرکے قوم کا 43 ارب روپے کا نقصان کیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ 240 کنال اراضی فرح گوگی کے نام پر بنی گالہ میں لی گئی، بتائیں شہباز شریف پر کون سے 70 کیسز ہیں؟،، جو ووٹ لیکرعمران وزیراعظم بنے وہی ووٹ شہباز شریف نے حاصل کئے۔
ن لیگی رہنما نے عمران خان پر الزام لگایا کہ آپ ایسے لوگوں کو لانا چاہتے تھے جو انتقام کا ایجنڈا آگے بڑھاتے، نیب قوانین سے متعلق بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، نیب قوانین کا جائزہ لے لیں زیادہ تر ترامیم آپ ہی لائے تھے۔