ربڑ اسٹیمپ نہیں بن سکتا ،چیف سیکریٹری پنجاب نے کام جاری رکھنے سے معذرت کر لی

لاہور :چیف سیکریٹری پنجاب کامران افضل نے کام جاری رکھنے سے معذرت کر لی، انہوں نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو مراسلہ لکھ دیاہے ۔ذرائع کے مطابق سیاسی مداخلت کے باعث چیف سیکریٹری نے کہا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ احکامات پر صرف دستخط کرنے والا ربڑ اسٹیمپ نہیں بن سکتا، سیاسی تبدیلی اور فیصلوں سے پہلے ہی بیوروکریسی کا کام متاثر ہوا ہے۔چیف سیکریٹری پنجاب کے مطابق تبادلے کارکردگی کی بنیاد پر ہونے چاہئیں ناکہ سیاسی تبدیلی کی بنیاد پر۔
ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل نے عملی طور پر بھی کام چھوڑ دیا، وہ پنجاب کابینہ کے اجلاس اور وزراء کی حلف برداری میں غیر حاضر رہے۔ذرائع نے کہا کہ چیف سیکرٹری کابینہ کے سیکرٹری کے طور پر کام کرتے ہیں، کابینہ اجلاس میں سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری آئی اینڈ سی نے انجام دیے۔