سورابایا انڈونیشیا میں کامسٹیک وائرولوجی فیلوشپس کی اختتامی تقریب کا انعقاد

اسلام آباد:انڈونیشیا کے شہر سورابایا میں وائرولوجی اور ویکسین ٹیکنالوجیز میں ریسرچ اور ایڈوانسڈ ٹریننگ کے لیے کامسٹیک فیلوشپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔اس پروگرام کے تحت انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز، کراچی میں پی ایچ ڈی کی طالبہ محترمہ فائزہ ندیم، ٹیٹینس ٹاکسائیڈ پروڈکشن لیب کی انچارج محترمہ فائزہ مریم، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، اسلام آباد، ڈاکٹر محسن چیمہ، لیکچرر، یونیورسٹی آف لاہور، لاہور اور پروفیسر ڈاکٹر محمود محمد توفیق، ایسوسی ایٹ پروفیسر، الازہر یونیورسٹی، قاہرہ نے سورابایا، انڈونیشیا میں واقع یونیورسٹی ائیرلینگا میں وزارت صحت، انڈونیشیا، فائیو فارما اور یونیورسٹی ائیرلینگا کے تعاون سے اپنی فیلوشپس مکمل کیں۔
اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل عسکر مسینوف نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ مجھے کامسٹیک اور وزارت صحت، انڈونیشیا، بائیو فارما اور یونیورسٹی ائیرلینگا کی مشترکہ کوششوں کے تحت ہونے والے انتہائی مثر پروگرام کی اختتامی تقریب کے موقع پر آپ سے بات کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ واپس جانے والے ریسرچ فیلوز شاندار تکنیکی مہارتوں اور اپنے شعبوں میں گیم بدلنے والے ذہن کے ساتھ اپنے ممالک کو واپس جا رہے ہیں۔سفیر مسینوف نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف آنے والے سائنس دانوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دیتا ہے بلکہ سائنس ڈپلومیسی کو بھی فروغ دیتا ہے جو پالیسی سازوں، محققین، سفارتی اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان ثقافتی اور علمی رکاوٹوں کو ختم کرتا ہے۔
کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر چودھری نے وزارت صحت، انڈونیشیا کا اس پروگرام میں فراخدلی سے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے بہت سے ممالک صحت کی دیکھ بھال کی ہر ضرورت کے لیے مکمل طور پر دوسرے ممالک پر انحصار کرتے ہیں، چاہے وہ تشخیصی آلات ہوں، کٹس ہوں، وینٹی لیٹرز ہوں یا پی پی ای۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے تناظر میں، پروگرام کا آغاز او آئی سی ممالک کے سائنسدانوں کی اگلی نسل کو موجودہ اور مستقبل کی وبائی امراض کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ریسرچ فیلو شپ نوجوان وائرولوجسٹ اور ماہرین حیاتیات کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ایک بہترین موقع ثابت ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔