تحریک انصاف سے نکالے جانے والے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے پی ٹی آئی پر وار جاری

جتنے لوگ لانگ مارچ میں آرہے ہیں اس سے زیادہ تو میرے پاس ملازم ہیں،پراپرٹی ٹائیکون سے 50 ارب روپے کی ڈیل سے متعلق کابینہ اجلاس کی تفصیلات بھی بتادیں


اسلام آباد : پارٹی سے نکالے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے پارٹی پر وار جاری ہیں۔ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جتنے لوگ عمران خان کے لانگ مارچ میں آرہے ہیں اس سے زیادہ تو میرے پاس ملازم ہیں۔واوڈا نے پراپرٹی ٹائیکون سے 50 ارب روپے کی ڈیل سے متعلق کابینہ اجلاس کی تفصیلات بتادیں۔فیصل واوڈا نے کہا کہ اجلاس میں شہزاد اکبر نے سیل لفافہ دکھایا اور کہا کہ لفافے میں جو مواد ہے وہ ہم ڈسکس بھی نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ جواب میں پراپرٹی ٹائیکون نے بہت سے فائدے دیے ہوں گے۔
اس کے علاوہ فیصل واوڈا نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے فراڈیا قرار پانے والے عمر فاروق سے پی ٹی آئی دور میں اکٹھے پانچ پانچ وفاقی وزیر ملاقاتیں کرتے رہے۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کی عمر فاروق ظہور سے ہونے والی ملاقات وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی ہدایت پر ہوئی، ملاقات میں ان کے ساتھ چار اور وزیر اور تمام وزارتوں کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔
فیصل واوڈا نے اس سے قبل ٹوئٹر پر عمر فاروق کے ہمراہ تصویر جاری کرتے ہوئے یہ بھی بتایا تھا کہ یہ ملاقات دبئی ڈیلی گیشن کے تحت ہوئی تھی، اس تصویر کو جو رنگ دینا چاہیں دیں، انہیں کوئی ڈر نہیں۔
اس کے علاوہ ایک بیان میں انہوں نے پی ٹی آئی لے لانگ مارچ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جتنے لوگ لانگ مارچ میں آ رہے ہیں اس سے زیادہ میرے پاس ملازم ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جتنے لوگ لانگ مارچ میں آ رہے ہیں اس سے زیادہ تو اسکول کے بچے اسمبلی میں ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کے باوجود پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جاری ہے اور وہ اس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب بھی کرتے ہیں۔