تحریک کا منشور سرکاری ملازمین کے حقوق کا تحفظ ہے ۔منشور پر عمل درآمد کے لیے مربوط تنظیمی ڈھانچہ اور ٹھوس منصوبہ بندی کر رہے ہیں ،جاوید انتظار

اسلام آباد:چوہدری امجد کو تحریک تحفظ سرکاری ملازمین آ ئی۔ نائن زون کا چیف آرگنائزر مقرر کردیا گیا ۔آئی نائن ۔فور کی پندرہ رکنی تنظیمی کمیٹی کا اعلان بھی کر دیا گیا ۔تنظیمی اجلاس سے سربراہ تحریک تحفظ سرکاری ملازمین جاوید انتظار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کا منشور سرکاری ملازمین کے حقوق کا تحفظ ہے ۔منشور پر عمل درآمد کے لیے مربوط تنظیمی ڈھانچہ اور ٹھوس منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔تحریک کی سوچ اسلام آباد میں نئی رسم کی بنیاد ثابت ہو گی۔ تحریک مکمل طور پر غیرسیاسی ہے ۔
تحریک میں سرکاری ملازمین کے عہدے لینے پر کوئی قانونی قدغن نہیں۔اسٹیٹ آفس کے سرکاری کوارٹرز کو دیے گئے نوٹسز کو شدید تحفظات کے ساتھ مسترد کرتے ہیں ۔چڑیاں بھی آپس میں اتحاد کر لیں تو شیر کی کھال کھینچ سکتی ہیں۔تحریک کے مرکزی رابطہ سیکرٹری راجہ عمران بگا نے کہا کہ تحریک کا منشور سرکاری ملازمین کی امنگوں کا ترجمان ہے ۔حکومت کو دیگر نجی سیکٹر کی تجاوزات نظر نہیں آتیں۔ حکومت سرکاری ملازمین کی مجبوریوں اور مسائل کا حقائق پر مبنی احاطہ کرتے ہوئے نوٹسز پر کاروائی روک دے۔
تحریک تعلیم ،صحت، بجٹ اور سرکاری ملازمین کے دیگر مسائل کے حل کے لیے سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر اپنی مدد آپ کے تحت جدوجہد کرے گی ۔آئی۔ نائن فور کے کنوینئرز اعجاز احمد خان اور سید حامد شاہ کی زیر صدارت 15 رکنی تنظیمی کمیٹی کے اراکین منور خان ،محمد شہزاد گجر ،رانا منور، اشرف ڈوگر،چودھری منیر ،عبدالغفار، خان نواز،راجہ محمد خورشید ،دلاور خان ،خرم لودھی، ربنواز ،اختر زیب ،سرفراز شاہ ،محمد رضوان، شیرعالم، محمد ارشد حسین کا اعلان کردیا گیا ۔اجلاس سے نو منتخب چیف آرگنائزر چودھری امجد ،تحریک مرکزی کمیٹی کے رکن محمد اعجاز، رانا منور، ارشد ڈوگر و دیگر عہدیداران اور ذمہ داران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کے منشور اور آئین پر متفق ہیں۔ تحریک کو منظم فعال اور متحرک کریں گے ۔




