
لاہور:) مسلم لیگ (ضیا) کے سربراہ سابق وفاقی وزیر اور سابق آمر جنرل ضیا الحق کے صاحبزادے اعجاز الحق نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق کی لاہور زمان پارک میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات ہوئی، جس میں مستقبل کی سیاست کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران ملاقات اعجاز الحق نے تحریک انصاف میں ساتھیوں سمیت شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعجاز الحق پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔
شمولیت کے بعد غیر رسمی گفتگو میں اعجاز الحق نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہم بہت عرصے سے ہیں، ہم مل کر الیکشن لڑیں گے اور ہماری پارٹی جو شہید ضیا الحق کے نام پر ہے وہ زندہ رہے گی جبکہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔
موجود صورت حال سے متعلق سوال پر اعجاز الحق نے کہا کہ جتنی جلدی ممکن ہو ملک کو مشکلات اور مسائل سے نکالنا چاہیے اور ہر قسم کی بات چیت کے لیے آپس میں ایک ساتھ بیٹھنا چاہیے اور اگر یہ خود نہیں بیٹھ سکتے تو کوئی ان کو ساتھ بیٹھا سکتا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے بولا کہ ہم ہر کسی سے بات چیت کرنے کیلیے تیار ہیں مگر ابھی الیکشن کے بارے میں بات کریں کیونکہ اب اور کسی چیز پر بات نہیں ہوسکتی۔
اعجاز الحق نے کہا کہ لوگوں کے گھر پر جانا، شیلنگ کرنے کے واقعات پاکستان میں پہلی بار دیکھ رہا ہوں، ایسا نہ ہو کہ ترازو کے پلڑے برابر کرواتے کرواتے ترازو ہی ٹوٹ جائے۔
یاد رہے کہ قبل ازیں وہ مسلم لیگ ن میں تھے ۔ پھر سابق آمر مشرف کے دور میں مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی وہ مذہبی امور کے سابق وفاقی وزیر بھی رہے ہیں۔ کچھ عرصے سے وہ سیاست سے لاتعلق تھے اب انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔



