فیڈرل بورڈ میٹرک امتحانات میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی امتحانی ڈیوٹیاں لگا کر طلبہ کی ممکنہ حق تلفی کاراستہ روکے ، ملک ابرار حسین

چیئرمین نے رویہ نہ بدلا تو بورڈ حکام کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر کا شدید ردعمل

اسلام آباد:چیئرمین فیڈرل بورڈ کی جانب سے میٹرک سالانہ امتحانات میں نجی شعبہ تعلیم سے وابستہ اساتذہ کی ڈیوٹیاں نہ لگانے کے غیرمنطقی فیصلہ کے خلاف نجی شعبہ تعلیم میں تشویش کی شدید لہر دوڑ گئی ہے جنہوں نے حکومت پاکستان بالخصوص وزارت تعلیم سے مطالبہ کیاہے کہ فیڈرل بورڈ کی امتحانی ڈیوٹیوں میں پرائیویٹ اساتذہ کو بھی ان کا جائز حق دیا جائے تاکہ امتحانی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ طلبہ کی ممکنہ حق تلفی کاراستہ روکا جاسکے۔
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین کاکہنا تھاکہ اگر فیڈرل بورڈ حکام نے اپنا رویہ نہ بدلا تو نجی تعلیمی ادارے فیڈرل بورڈ حکام کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے۔ رجسٹریشن فیس کے نام پر 70فیصد کے قریب نجی شعبہ ادا کرتاہے لیکن سہولیات تو درکنار الٹا انہیں یکسر کنارے سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات جوکہ عید الفطر کے فوری بعد شروع ہورہے ہیں ان کے امتحانی مراکز میں ڈیوٹیوں کے حوالے سے فیڈرل بورڈ نے پہلی بار نجی تعلیمی اداروں سے متعلقہ اساتذہ کو امتحانی ڈیوٹیاں دینے سے انکار کردیاہے۔
دوسری جانب امتحان کی رو ل نمبر سلپس بھی تاحال جاری نہیں ہوسکی ہیں جس سے نجی شعبہ تعلیم میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جنہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیاہے کہ بورڈ چیئرمین کا قبلہ درست کیا جائے اور شعبہ تعلیم کے اہم حصہ کو یکسر نظرانداز کرنے کی پالیسی واپس لیتے ہوئے امتحانی ڈیوٹیوں میں پرایویٹ سکولوں کے اساتذہ کو بھی شامل کیا جائے تاکہ نجی شعبہ کے طلبا کو امتحانات میں درپیش رکاوٹوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ امتحانی شفافیت کو قائم رکھا جاسکے۔
اس حوالے سے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ردعمل میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین کاکہنا تھاکہ اگر فیڈرل بورڈ حکام نے اپنا رویہ نہ بدلا تو نجی تعلیمی ادارے فیڈرل بورڈ کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ کے منتخب نمائندہ محمد اشرف ہراج کو بھی نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ فیڈرل بورڈ کے چیئرمین من مانیوں پر اتر آئے ہیں اور رہی سہی کثر ناتجربہ کار کنٹرولر امتحانات عمران عقیل کی تعیناتی نے نکال دی ہے جو امتحانی نظام کو ہینڈل کرنے میں یکسر ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھرمیں نجی تعلیمی اداروں کی بہت بڑی تعداد فیڈرل بورڈ سے منسلک ہے اور تقریبا 70فیصدتعلیمی ادارے نجی شعبہ سے ہیں۔بہت سارا ریوینیو بھی نجی شعبہ ادا کرتاہے۔انہوں نے کہاکہ ستائیس اپریل سے سالانہ امتحانات شروع ہورہے ہیں لیکن ابھی تک رولنمبرسلپس جاری نہیں کی گئی ہیں آگے عید کی چھٹیاں بھی آرہی ہیں لیکن چیئرمین فیڈرل بورڈ من مانیوں پراتر آئے ہیں۔