
لاہور…نورالعارفین.
قومی خواتین ہاکی ٹیم میں عدم شمولیت پر دلبرداشتہ کھلاڑی سعدیہ نے ہیڈ کوچ اولمپئن سعید خان پر ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا، کوچ اور خواتین ہاکی ونگ نے الزامات کو من گھڑت اوربے بنیاد قراردے دیا۔ قومی کھیل پہلے ہی زوال کا شکار ہے اس پر اب اس کو ایک اور سکینڈل کا سامنا ہے، قومی خواتین ہاکی ٹیم کی گول کیپر سیدہ سعدیہ نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق ہیڈ کوچ سعید خان نے کمرے میں بلا کر دست درازی کی ، کھلاڑی کا کہنا ہے کہ اس نے وزیر کھیل پنجاب اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کو وقوعہ بارے بتایا مگر ان کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔ ہیڈ کوچ سعید خان کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی انکی بیٹیوں جیسی ہیں ، ان پر لگایا جانے والا الزام بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی خواتین ونگ کی سیکرٹری تنزیلہ عامر چیمہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کے الزامات ٹیم میں شامل نہ ہو نے پر مایوسی کا نتیجہ ہیں۔ قومی کھیل میں یہ سکینڈل خواتین ہاکی میں کسی بھونچال سے کم نہیں ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس معاملے پر انکوائری کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔



