سیاسی جماعتیں پسند و ناپسند کے باعث اخلاقیات سے عاری ہو چکی ہیں،نو مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔کاشف چودھری

اسلام آباد :انجمن تاجران پاکستان کے مرکزی صدرکاشف چوہدری نے نو مئی کے واقعات کو افسوسناک سانحہ قرار دیتے ہوئے ملوث شرپسند عناصر اور انکے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان وطن عزیز کی سالمیت کی ضامن ہیں،افواج پاکستان اور عوام کے درمیان قائم احترام و محبت کے رشتے کو کمزور نہیں کیا جا سکتا، ملک میں عدم استحکام نے ملک کو معاشی بحران کا شکار کر رکھا ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں تنظیم کے جنرل سیکرٹری ملک ظہیر، شاہد گوندل، عتیق جنجوعہ و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کاشف چوہدری کاکہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں پسند و ناپسند کے باعث اخلاقیات سے عاری ہو چکی ہیں،نو مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، ہمارے وہ ہیروز جو ہمارے ماتھے کا جھومر تھے ان کے مجسموں کی بیحرمتی کی گئی،افواج پاکستان کے وقار کی علامتوں کو تضحیک کا نشانہ بنایا گیا، جی ایچ کیو اور کور کمانڈر لاہور کے گھر پر حملے کئے گئے،ان واقعات میں ملوث کسی صورت محب وطن نہیں ہو سکتے،مضبوط فوج نظرئیہ پاکستان کی محافظ ہے اور وہ ملک کے اندراور باہر دشمنوں کیخلاف برسر پیکار ہے اور جس کے جوان جذبہ شہادت سے سرشار ہیں،یہ جوان جاگتے ہیں تو قوم سکون کی نیند سوتی ہے،سیلاب ہوں یا زلزلہ پاک فوج ہر جگہ عوام کی خدمت میں صف اول میں خدمت کرتی ہوئی نظر آتی ہے،افواج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے پہلے بھی بیرونی دشمن اندرونی دشمنوں کے ساتھ مل کر کئی حربے آزمائے جا چکے ہیں مگر عوام کے دلوں سے فوج کی محبت نہیں نکالی جا سکی، انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور فوج کے درمیان رشتے کو کمزور نہیں کیا جاسکتا کیونکہ جہاں ہمیں سیاسی استحکام کی ضرورت ہیں وہیں مضبوط فوج بھی ہماری اشد ضرورت ہے،افواج پاکستان اور عوام لازم و ملزوم ہیں،نو مئی کے واقعات سے لگ رہا تھا کہ وطن عزیز پاکستان کو بھی شام، لیبیا اور عراق بنایا جا رہا ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات میں ملوث افراد اور انکے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ کسی بھی دربارہ اس طرح کی جرآت نہ ہو سکے۔



