پھل ضائع نہیں ہوا ، خوش ہیں کہ پرندوں کا پیٹھ بھر گیا،اب سال کے آخر میں سیب توڑ کر کھانے والے میلے کا انعقاد ہوگا

لندن: جنوب مغربی انگلستان میںاس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب پرندے انسانوں پر بازی لے گئے اور انسانوں کے آنے سے پہلے ہی سارا پھل ہڑپ کر گئے اس طرح سالانہ چیری فیسٹیول پرندوں کی وجہ سے منسوخ ہو گیا۔
28 جون سے شروع ہونے والے اس مقابلے میں لوگ ذوق و شوق سے درختوں پر لگی تازہ چیریاں توڑ کر کھاتے ہیں لیکن کوئل، کوں اور دیگر پرندوں نے ان سے پہلے ہی درجنوں درختوں کی چیریاں کھالی ہیں اور اس طرح انسانوں کو اس بار اس لطف سے محروم کر دیا ہے ۔
درختوں سے چیریاں توڑ کر کھانے کے اس عمل کو ایک طرح کے میلے کا درجہ حاصل ہے جہاں انگلینڈ کے علاقے کورن وال کے ایک چھوٹے سے دیہات کوٹ ہیل میں ہر سال چیری اتارنے کا مقابلہ نما میلہ منعقد کیا جاتا ہے، تاہم اس سال وقت سے قبل ہی کوئل، کووں اور دیگرپرندوں نے 80 سے زائد درخت صاف کر دیئے جو لذیذ چیریوں سے بھرے ہوئے تھے۔
یہ میلہ ہرسال پانچ روز کیلئے منعقد کیا جاتا ہے جسے نیشنل ٹرسٹ منعقد کرتا ہے، سال 2004 میں یہاں چیری کے درختوں پر پھل آنا شروع ہوئے جنہیں اگر انسان نہ کھائیں تو وہ ضائع ہو جاتے ہیں یا پھر پرندوں کے شکم کا حصہ بن جاتے ہیں۔
فانڈیشن سے وابستہ خاتون لارا جیرمن نے کہا کہ بدھ کو میلے کا افتتاح ہونا تھا جبکہ پیر کو مقامی باغبان نے بتایا کہ پرندے تمام پھل کھا چکے ہیں، اندازہ ہے کہ 80 سے زائد درختوں کے پھل پرندوں کے نوالے بنے ہیں۔لارا نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ پرندوں نے چیریاں کھائی ہیں اور اس پر کوئی تاسف بھی نہیں، تاہم وہ سال کے آخر میں سیب توڑ کر کھانے والے میلے کا انعقاد کریں گے۔




