
اسلام آباد:حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط کو پورا کر دیا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرط پر عمل کرتے ہوئے پٹرول پر 5 روپے فی لیٹر لیوی ٹیکس عائد کر دیا گیا، پٹرول پر ڈیویلپمنٹ لیوی 50 روپے کے بجائے 55 روپے وصول کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈویلپمنٹ لیوی میں اضافہ نہیں کیا گیا، ہائی سپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 50 روپے فی لیٹر وصول کی جائے گی۔
واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے سٹاف لیول معاہدہ کر لیا ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کا 3 ارب ڈالرز اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہوا ہے۔
آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد وزارت خزانہ نے رات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کر دیا ہے ۔ پٹرول کی قیمت کو پندرہ دنوں کے لئے برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔




