ڈیزل اور پٹرول دونوں کی قیمت میں 20 روپے فی لٹر کا ہوش ربا اضافہ
روسی سستا تیل کدھرگیا، مہنگائی کے مارے عوام کی چیخیں نکل گئیں

اسلام آباد:حکومت نے جاتے جاتے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کردیا ہے۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو عالمی منڈی میں بڑھتی قیمتوں سے منسلک کیا گیا ہے۔ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 90 پیسے کا اضافہ کر دیا۔
پیٹرول کی قیمت19روپے 95 پیسے اضافے سے 272 روپے 95 پیسے ہو گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت 19روپے 90 پیسے اضافے سے نئی قیمت 273 روپے 40 پیسے ہو گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔جس کی وجہ سے ہم نہ چاہتے ہوئے بھی قیمت بڑھانے پر مجبور ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملکی مفاد کو دیکھتے ہوئے کم سے کم قیمت بڑھائی جا رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ عوام کے لیے جو بہتر ہو سکتا ہے وہ کرنا چاہیے، ہماری آئی ایم ایف کے ساتھ پیٹرولیم لیوی سے متعلق کمٹمنٹ ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک اس قدر ہوش ربا اضافے سے مہنگائی کے مارے غریب عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ وہ اس بڑھتی مہنگائی کا مقابلہ کیسے کریں۔
اس موقع پر قوم یہ پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوا ہے تو پاکستان نے روس سے جو سستا تیل خریدا ہے اس کا بینی فٹ عوام کو کیوں نہیں دیا جارہا ۔


