82 ممالک کے شہری ویزہ آن ارائیول حاصل کریں گے 115 ممالک کے شہریوںآمد سے قبل ویزہ حاصل کرنا ضروری
امارات کے شہریوں کو 127 ممالک میں پیشگی ویزہ کی ضرورت نہیں 53 ممالک میں ہوائی اڈے پر الیکٹرانک ویزہ حاصل کرسکتے ہیں

دبئی :متحدہ عرب امارات نے 82 ممالک کے شہریوں کو ویزہ فری انٹری کی سہولت دے دی ہے ۔ خلیجی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ 82 ممالک کے شہری اب بغیر پیشگی ویزہ کے متحدہ عرب امارات میں داخل ہوسکتے ہیں کیونکہ انہیں ویزہ آن ارائیول کی سہولت دی گئی ہے، اس حوالے سے تفصیلی معلومات تلاش کرنے والے مسافروں سے وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر جانے کا کہا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ 82 ممالک کے شہری اب پہلے کسی بھی قسم کے ویزہ انتظامات کے بغیر ملک میں داخل ہوسکتے ہیں جب کہ 115 ممالک کے شہریوں کیلئے متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے سے پہلے ویزہ حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے، ان ممالک کی مکمل فہرست کے ساتھ ساتھ ان ممالک کے باقاعدہ پاسپورٹ ہولڈرز مسافروں کے لیے ویزہ استثنی سے متعلق دیگر تفصیلات تک اماراتی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کے ذریعے رسائی فراہم کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ غیر ملکی شہریوں کے لیے ویزہ کی ضروریات کے بارے میں مزید وضاحت کے خواہاں افراد کے لیے شناخت، شہریت، کسٹمز، اور پورٹ سکیورٹی کی سرکاری ویب سائٹ ایک اضافی ذریعہ ہے، اس کے علاوہ مسافر اضافی معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ مزید برآں، یو اے ای حکومت نے اس بات پر روشنی ڈالی ہے کہ جی سی سی ممالک کے شہریوں کومتحدہ عرب امارات جانے کے لیے ویزہ یا اسپانسر کی ضرورت نہیں ہے، یو اے ای کے انٹری پوائنٹس بندرگاہوں، ہوائی اڈوں اور زمینی بارڈرز پر پہنچنے پر وہ آسانی سے جی سی سی ملک کی طرف سے جاری کردہ پاسپورٹ یا اپنا شناختی کارڈ پیش کرسکتے ہیں۔
اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ جو لوگ ویزا استثنی یا ویزا آن ارائیول کیٹیگریز کے تحت نہیں آتے انہیں داخلے کے لئے اجازت نامے کی ضرورت ہوگی، یہ اجازت نامہ دورے کے مقصد پر منحصر ہے، متحدہ عرب امارات میں ان کی آمد سے قبل جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز سے حاصل کرنا ضروری ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ متحدہ عرب امارات کا ناصرف ویزہ بلکہ پاسپورٹ بھی ایک باوقار مقام رکھتا ہے، جو اس وقت پاسپورٹ انڈیکس ویب سائٹ پر پہلے نمبر پر ہے، اسے دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ تسلیم کیا جاتا ہے، متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ رکھنے والوں کو 180 ممالک میں آسانی کے ساتھ داخل ہونے کی اجازت حاصل ہے، ان میں سے 127 ممالک میں پیشگی ویزہ کی ضرورت نہیں ہے اور 53 ممالک میں ہوائی اڈے پر پہنچنے پر الیکٹرانک ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔




