سابق سپیکر قومی اسمبلی اور سابق آمر ایوب خان کے فرزند گوہر ایوب خان انتقال کر گئے

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کے والد اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔وہ پاکستان کے پہلے آمر فیلڈ مارشل ایوب خان کے فرزند تھے۔
گوہر ایوب کچھ عرصے سے علیل اور اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نے آخری سانسیں لیں اور زندگی کو ہمیشہ کیلیے الوداع کہا۔
گوہر ایوب کی نمازِ جنازہ آج بروز ہفتہ بعد ازدوپہر ہری پور میں ان کے آبائی گاں ریحانہ میں ادا کی جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان کی جانب سے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ملک و قوم کیلیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
گوہر ایوب خان مسلم لیگ ن کے پہلے دور میں سپیکر قومی اسمبلی رہے تاہم پرویز مشرف کی جانب سے اقتدار پر قبضے کے بعد انہوں نے فوجی آمر کو کندھا دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی تھی اور ان کے صاحبزادے عمر ایوب خان بھی ق لیگ میں شامل ہوگئے تھے ۔
گوہر ایوب خان فوج کی ملازمت چھوڑ کر سیاست میں‌آئے تھے.
ان کی وفات پر صدر عارف علوی، سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ،اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ،نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین اور دیگر نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔