تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج 28مئی کو لیاقت جمنازیم میں کھیلا جائے گا

اسلام آباد:آسٹریلیا کی والی بال ٹیم پاکستان کے ساتھ تین میچوں کی دوستانہ سیریز کھیلنے کے لئے پاکستان آگئی ہے ۔ کسی بھی آسڑیلین والی بال ٹیم کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان
سیریز کا پہلا میچ آج 28مئی بروز منگل کو کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 29 مئی اور تیسرا 30مئی کو ہوگا۔
ہل وی ہوٹل میںفیڈریشن کے چئیرمین چودھری یعقوب نے دونوں ٹیموں کے کپپٹنز اور کوچز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین دوستانہ میچ کھیلنے کے بعد دونوں ٹیمیں بحرین جائیں گی انہوں نے بتایا کہ آسڑیلین ٹیم 30 گھنٹے کی طویل فلائٹ کے بعد پاکستان پہنچی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ کینبرا میں اس وقت شدید سردی ہے اور درجہ حرات مائنس ون اور ٹو چل رہا ہے جبکہ پاکستان میں شدید گرمی چل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی کے باعث ٹیم آسٹریلیا نے چلر لگا کر پریکٹس کی ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ جیو سپر پر تمام میچز برائے راست دکھائے جائیں گے انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ والی بال کو بھی کرکٹ کی طرح خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ سے اگلے سال چین میں ہونے والے ورلڈ چیلنج کپ کی تیاری میں بھی مدد ملے گی۔ چوہدری یعقوب نے بتایا کہ آسٹریلیا کے خلاف قومی والی بال ٹیم کی قیادت مراد جہاں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی بارآسٹریلیا کی میزبانی کرنے پر خوشی ہے، مضبوط ٹیم کے خلاف بہتر پرفارمنس کے لیے پرامید ہیں، والی بال سیریز کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
آسٹریلین ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستان آکر بڑا اچھا لگ رہا ہے اور امید ہے پاکستان کے ساتھ کھیل کر اور بھی اچھا لگے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آسڑیلیا میں بھی والی بال کرکٹ کی طرح کوئی معروف کھیل نہیں ہے اور والی بال محدود پیمانے پر کھیلی جاتی ہے۔
قبل ازیں مہمان ٹیم نحیمیا موٹے کی قیادت میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایر پورٹ پہنچی تو پاکستان والی بال فیڈریشن کے حکام نے آسٹریلین ٹیم کا استقبال کیا۔
آسٹریلین والی بال ٹیم کی پہلی بار پاکستان آمد




