16ویں قومی اسمبلی کے 20 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے، پہلے بھی اس منصب پر فائز رہ چکے ہیں
ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ بار وزرائے اعظم بننے کا ریکارڈ بھی مسلم لیگ ن اور شریف خاندان کے پاس

اسلام آباد(رپورٹ :محمد رضوان ملک )پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاںشہبازشریف بھاری اکثریت سے ملک کے 20 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔انہوں نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب کو شکست دی۔میاں شہبازشریف نے 201 جبکہ عمر ایوب نے 92 ووٹ حاصل کئے ۔
میاں شہبازشریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے وہ آج چار مارچ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔گزشتہ روز ملک کی سہولویں قومی اسمبلی نے انہیں 20 واں وزیراعظم منتخب کیا تھا۔ پارلیمنٹ میں موجود سات مختلف چھوٹی بڑی جماعتوںنے ان کی حمایت کی تھی ۔ تاہم وہ اپنی ماضی کی ایک اہم اتحادی جماعت جمعیت علمائے اسلام کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے ۔
جے یو آئی ف کے اراکین ایوان میں نہیں آئے، بی این پی مینگل کے سربراہ اخترمینگل نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا جب کہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے عمر ایوب خان کو ووٹ دیا۔
اپنے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی کے اندر اپنے پہلے خطاب میںانہوںنے اپوزیشن کو میثاق جمہوریت اور میثاق مفاہمت کا پیغام دیا۔ان کے خطاب کے دوران ایوان میں اپوزیشن نے شور شرابہ مچائے رکھا اور شدید احتجاج کرتے رہے۔ ان کے مدمقابل عمر ایوب نے اپنے خطاب میںکہا کہ جس طرح یہ اسمبلی جعلی ہے ان کا میڈیٹ بھی جعلی ہے ۔ اگر انتخابا ت میں دھاندلی نہ ہوتی تو ہماری 180 نشستیں ہوتیں ۔
پاکستان مسلم لیگ ن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ملک کے 20 وزرائے اعظم میں سے چھ بار یہ عہدہ اس کے پاس رہا۔ جبکہ شریف خاندان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کے پاس یہ عہدہ پانچ بار رہا۔ میاں محمد شہباز شریف تین بار جبکہ شہباز شریف نے دوسری بار وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالا ہے۔
وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے ساتھ ہی شہباز شریف کو عالمی رہنمائوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ چین کے صدر اور وزیراعظم نے اس حوالے سے سب سے سبقت حاصل کی اور شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہوتے ہی مبارکباد کا پیغام بھیجا، صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی قیانگ نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو الگ الگ تہنیتی پیغامات ارسال کیے۔
بیجنگ سے جاری بیان کے مطابق چینی صدر نے اتوار کو شہباز شریف کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے نومنتخب وزیراعظم پاکستان کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا۔اپنے پیغام میں چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی نئی حکومت مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مضبوط بنانا ہوگا۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اپ گریڈڈ ورژن تعمیر کرنا ہو گا۔
چینی وزیر اعظم لی قیانگ نے بھی شہباز شریف کو مبارکباد کا پیغام بھیجا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان مختلف شعبوں میں روایتی دوستی اور تعاون کو جاری رکھیں گے۔
ترک میڈیا کے مطابق صدر رجب طیب ایردوآن نے شہباز شریف کو فون کرکے دوسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے پر انہیں مبارک باد دی۔ترک صدر نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی شہباز شریف کی صلاحیت پر اعتماد کا بھی اظہار کیا۔پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نو منتخب وزیر اعظم نے ترک صدر کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بھی شہباز شریف کو مبارک باد پیش کی ہے۔صدر ابراہیم رئیسی نے شہباز شریف کو دوسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی نئی حکومت ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں شہباز شریف کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ "اسلامی جمہوریہ ایران اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ تمام سطحوں پر باہمی تعلقات اور تعاون کو بڑھانے کا عزم کرتا ہے۔”
تاجکستان کے صدر نے شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
صدر امام علی رحمان نے کہا کہ "مجھے یقین ہے کہ مزید مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہم لوگوں کے فائدے کے لیے اپنے ملکوں کی طویل مدتی شراکت داری کو مزید مضبوط کریں گے۔” انہوں نے ساتھ ہی تاجکستان اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات، باہمی احترام اور اعتماد برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔




