سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے،پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے

اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے جا کر عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائی ڈونگ سے بشام میں دہشتگرد حملے میں 5 چینی باشندوں کی وفات پر تعزیت کی اور دلی افسوس کا اظہار کیا. وزیراعظم شہباز شریف کی چین کے سفیر سے ملاقات میں بشام واقعہ کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم کیا۔ وزیرِ اعظم. شہباز شریف نے چینی سفیر سے ملاقات میں کہا کہ میری اور پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں اس واقعہ میں متاثر ہونے والے چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں۔پاکستانی حکومت اس واقعے کی اعلی سطح پر تحقیقات کرے گی اور جلد تحقیقات کرکے حملہ کے ذمہ داروں و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی.
چینی سفیر سے ملاقات میں وزیرِ اعظم نے چین کے صدر اور وزیرِ اعظم کیلئے اس افسوسناک واقعے کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا۔.
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا. دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک اسکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کی سفارتخانے آمد اور واقعے کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا اور وزیرِ اعظم کے پاک چین دوستی کے حوالے سے عزم کی تعریف کی۔اس موقع پر وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی شانگلہ میں چینی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملے کے فوری بعد اسلام آباد میں چینی سفارت خانے پہنچ گئے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر سے ملاقات کی اور چینی سفیر کو دھماکے کی تمام تفصیلات اور ہلاکتوں کے بارے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جائے وقوعہ پر جاری ریسکیو آپریشن سے بھی چینی سفیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیر داخلہ نے شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کے جان بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اس میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔



