مذاکرات 29 اپریل سے 3 مئی کے دوران واشنگٹن میں ہوں گے
اسلام آباد:دیگر ممالک کی طرح اب امریکہ نے بھی پاکستان کو دو طرفہ اعلی سطح کے اقتصادی مذاکرات کی دعوت دے دی ہے ۔ مذاکرات 29 اپریل سے 3 مئی کے دوران واشنگٹن میں ہوں گے۔ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کی دعوت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے پاکستان کو دی گئی ہے، امریکا کے انڈر سیکریٹری برائے اقتصادی ترقی خوزے فرنانڈز مذاکرات میں امریکی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بات چیت کے دوران پاک ایران گیس پائپ لائن کا معاملہ بھی امریکہ کی جانب سے اٹھایا جائے گا۔
دریں اثنا امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے معاملے پر میڈیا رپورٹس کو فالو کرتے آرہے ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس بریفنگ کے دوران بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ اشتعال انگیز بیان اور برطانوی جریدے کی رپورٹ پر اپنے تبصرے میں کہا کہ امریکا دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مذاکرات کے ذریعے معاملات کے حل کا خواہش مند ہے۔
دوسری طرف وزیرِاعظم شہبازشریف کو کویت کے وزیراعظم شیخ محمد صباح السالم الصباح نے فون کر کے عید کی مبارکباد دی ہے۔ کویتی وزیراعظم شیخ محمد صباح السالم الصباح نے پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کیساتھ تعاون کے مزید فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماں نے پاکستان اور کویت کے عوام کی سلامتی اور خوشحالی کی دعا بھی کی، دونوں نے امت مسلمہ کے مابین بھائی چارے اور فلسطینی بہن بھائیوں پر جاری اسرائیلی ظلم کے خاتمے کی دعا بھی کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی مفید شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کرنے کے ساتھ پاک کویت اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر روز دیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بحرین، قطر اور سعودی عرب بھی شہباز شریف کی حکومت کو اقتصادی تعاون کی یقین دہانی کراچکے ہیں ۔ اس سے امید ہے کہ پاکستان کی معاشی مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔



