ضمنی الیکشن، ن لیگ نے میدان مار لیا11 نشستیں حاصل کر لیں

شہباز، مریم کی خالی سیٹیں برقرار، وزیر آباد سے PTI کی سیٹ چھین لی
لاہور میں ن لیگ اور اتحادیوں نے کلین سوئپ کیا، نارووال میں ن لیگ کا کارکن قتل


اسلام آباد: ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا ہے۔ مسلم لیگ ن نے نہ صرف شہباز، مریم کی خالی سیٹیں برقراررکھیں بلکہ وزیر آباد سے PTI کی سیٹ بھی چھین لی ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے11نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی شہباز شریف اور مریم نواز کی چھوڑی گئی سیٹیں بھی جیت لیں۔ سنی اتحاد کونسل کو 2پیپلز پارٹی 2ق لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی بی این پی کو ایک ایک سیٹ ملی۔باجوڑ میں تحریک انصاف کو اپ سیٹ شکست ہوئی اور آزاد امیدوار مبارک زیب نے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشست پر میدان مار لیا۔
گجرات میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر چوہدری پرویز الہی کو بھتیجے موسی الہی نے عبرتناک شکست دی جبکہ مونس الہی کو بھی ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ نارووال میں احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال کامیاب ہوگئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی چھوڑی گئی سیٹ پر ان کے بھائی فیصل امین فاتح قرار پائے جبکہ قمبر شہداد کوٹ میں بلاول بھٹو کی خالی کردہ نشست پھر پیپلز پارٹی کو مل گئی۔
ن لیگ نے پی ٹی آئی سے وزیرآباد کی سیٹ بھی چھین لی جبکہ لاہور میں ن لیگ اور اتحادیوں نے کلین سوئپ کیا۔مجموعی طورپر پولنگ پرامن رہی تاہم ٹرن آوٹ نسبتا کم رہا مختلف شہروں میں پرتشدد واقعات بھی ہوئی سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں تصادم متعدد زخمی کئی زیرحراست نارووال میں ن لیگ کا کارکن قتل چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس رپورٹ طلب بعض مقامات پر فائرنگ کے باعث پولنگ روکنا پڑی لاہور کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز عارضی طور پر معطل رہیں۔
قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق این اے119 لاہور سے مسلم لیگ(ن) کے علی پرویز ملک 60 ہزار 918 ووٹ لیکر جیت گئے اس حلقے سے 8 فروری کو مریم نواز نے کامیابی حاصل کی تھی این اے 132لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے ملک رشید ایک لاکھ 46 ہزار 849 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے۔ این اے196قمبرشہداد کوٹ میں پیپلزپارٹی کے خورشید جونیجو نے میدان مارلیا۔این اے 44ڈیرہ اسماعیل خان میں سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین گنڈاپور فاتح قرار پائے۔باجوڑ میں تحریک انصاف کو اپ سیٹ شکست ہوئی اور آزاد امیدوار مبارک زیب نے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشست پر میدان مار لیا۔
پی پی 32میں چوہدری شجاعت حسین کے بھتیجے موسی الہی نے پرویز الہی کو 42 ہزار 209 ووٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ پی پی36 سے مسلم لیگ (ن) کے عدنان افضل نے 74 ہزار 779 ووٹ حاصل کرکے کامیابی سمیٹ لی یہ نشست تحریک انصاف نے 8 فروری کو جیت لی تھی۔
غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پی پی54 نارووال ون میں مسلم لیگ (ن) کے احمد اقبال چوہدری 60 ہزار 351 ووٹ جبکہ سنی اتحاد کونسل کے اویس قاسم نے 46 ہزار 686 ووٹ حاصل کیے۔ پی پی-93 بھکر 5 سے مسلم لیگ(ن) کے سعید اکبر نوانی نے 63 ہزار 21 ووٹ حاصل کیے جبکہ آزاد امیدوار محمد افضل خان نے 59 ہزار 124 ووٹ حاصل کیے اور کانٹے دار مقابلے کے بعد مسلم لیگ(ن) کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ پی پی-139 شیخوپورہ 4 میں مسلم لیگ (ن) کے رانا افضال حسین نے 46 ہزار 585 ووٹ حاصل کیے اور نشست جیت لی جبکہ ان کے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کے اعجاز حسین 29 ہزار 833 ووٹ حاصل کیے اور ہار گئے۔
غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے تحت پی پی147 لاہور 3 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد ریاض ملک نے 31 ہزار 860 ووٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔پی پی149 لاہورکی نشست استحکام پاکستان پارٹی کے شعیب صدیقی نے جیت لی پی پی 158 میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد نواز نے 40 ہزار 165 لے کر سنی اتحاد کونسل کے مونس الہی کو شکست دے دی۔ غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پی پی164 لاہور 20 سے مسلم لیگ(ن) کے محمد راشد منہاس 31 ہزار 499 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے91 کوہاٹ کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے داود شاہ 22 ہزار 998 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی۔ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی-20 کے تمام 100 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے میر جہانزیب مینگل 30 ہزار 455 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی بی پی-22 لسبیلہ میں مسلم لیگ (ن) محمد زرین خان مگسی نے 49 ہزار 777 ووٹ حاصل کیے اور غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق صوبائی اسمبلی کے رکن بن گئے ہیں۔
پولنگ کے دوران ظفروال میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان جھگڑا ہوگیا اوراس دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے مبینہ ڈنڈے کے حملے میں 60 سالہ محمد یوسف شخص جاں بحق ہوگیا۔