گورنر خیبرپختونخوا اور جے یو آئی ف کے رہنماء غلام علی کی نواز شریف سے ملاقات

حاجی غلام علی کی مریم نوازکی بھی کھل کر تعریفیں، وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کی جے یوآئی ف کی عادت عروج پر

لاہور(رپورٹ :محمدرضوان ملک ) جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء مولانا فضل الرحمان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ سیاستدانوں سے مذاکرات کے دروزاے کبھی بند نہیں کرتے ۔اس وقت صورت حال یہ ہے کہ ایک طرف تو بحثیت اپوزیشن رہنماء مولانا حکومت کو ٹف ٹائم د ے رہے ہیں تو دوسری طرف ان کے اہم رہنماء گورنر خیبر پختون خوا حاجی غلام علی نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف سے جاتی امراء میں ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی بھی کھل کر تعریفیں کی ہیں۔اس سے لگتا ہے کہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کی جے یو آئی ف کی عادت ا بھی گئی نہیں ہے۔
خیبر پختون خوا کے گورنر حاجی غلام علی نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے لاہور جاتی امراء میں جا کر ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران حاجی غلام علی نے نواز شریف سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔علاوہ ازیں مریم نواز سے بھی گورنر خیبر پختون خوا نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں صوبوں کے مابین تعاون میں مزید اضافے اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلی مریم نواز کی عوام کی خدمت کی لگن قابلِ تحسین ہے۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ ان شا اللہ پنجاب دیگر صوبوں کے لیے بڑے بھائی کا کردار کرتا رہے گا۔