کراچی: وزارت توانائی نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث طلب میں کمی ہونے کی وجہ سے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کو پیٹرول کی درآمد روکنے کی ہدایت کردی۔
ڈائریکٹر جنرل آئل کی جانب سے آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کو ارسال کردہ ہدایات میں کہا گیا کہ ’چونکہ او ایم سیز کے پاس اس صنعت کا اطمینان بخش ذخیرہ ہے اس لیے تمام او ایم سیز سے درخواست کی جاتی ہے کہ (اپریل 2020) سے اپنی طے شدہ درآمدات روک دیں اور ریفائنریز سے لینے والے حصے میں اضافہ کردیں تاکہ ریفائنری کے افعال ایک مناسب سطح پر جاری رہیں‘۔
اس کے ساتھ ہدایات میں یہ بھی کہا گیا کہ ’مزید یہ کہ تمام او ایم سیز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ مطلوبہ مصنوعات کے ذخیرے کے لیے مقامی ریفائنریز کے ساتھ اپنے تجارتی معاہدوں کو اپڈیٹ یا حتمی شکل دیں۔
ریفائنریز کو بھی یہ ہدایت کی گئی کہ ’اپنی خام تیل کی درآمد روک دیں‘۔



