قازق سفیر کی احسن اقبال سے ملاقات، کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف منصوبوں پرغور


اسلام آباد:پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافین کی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔احسن اقبال نے کہا کہ سیاحت اور کھیل دو نوں ممالک کے باہمی تعلقات جوڑنے کے لیے دو مضبوط ترین محرک ہیں اس موقع پر قازقستان کے سفیر نے کہا کہ 23 اور 24 مئی کو قازقستان الماتی شہر میں کھیلوں کی سیاحت کا جشن منائے گا، یرژان کستافین نے کہا پاکستان اور قازقستان میں چیس فیڈریشنز کے درمیان تعاون کیا جائے گا۔ تمام بڑی پاکستانی لاجسٹک کمپنیاں قازقستان کا دورہ کر چکی ہیں اور قازقستان میں دفاتر قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں، انہوں نے کہا گزشتہ سال لاہور اور الماتی کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کی گئی تھیں جن کا دورانیہ صرف دو گھنٹے ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اپنے 15-10 بہترین ٹور آپریٹرز کو نامزد کرے گا اور انہیں سیاحت کے لیے قازقستان کی عوام سے منسلک کرے گا، پاکستان وسطی ایشیا اور افغانستان کے درمیان ریلوے رابطے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔ قازق سفیر نے کہا چار پاکستانی یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدہ کیا ہے کہ وہ اپنے طلبا اور فیکلٹی کو اس سال قازقستان کے دورے کے لیے بھیجیں۔ ان یونیورسٹیز میں نمل، نسٹ، پنجاب یونیورسٹی اور قائداعظم یونیورسٹی شامل ہیں، قازق سفیر نے بتایا کہ دو اہم ٹرانزٹ روٹس، پہلا کوریڈور، مغربی چین کو یورپ سے ملانے کے لیے اور دوسرا وسط ایشیا میں قازقستان کو پاکستان سے ملانے کے لئے زیر تعمیر ہیں۔