سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف مظاہرہ


اسلام آباد(نیوزرپورٹر)سرکاری تعلیم کی نجکاری کے خلاف جی۔سیون تھری تھری میں طلبا اور والدین نے پر امن احتجاج کیا۔ مظاہرین نے نجکاری کے خلاف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔جن پر تعلیم کی نجکاری کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے کہا کہ آئین پاکستان مفت تعلیم دینے کا ریاست اور حکومت کو پابند کرتا ہے۔ حکومت غریبوں کے بچوں کا تعلیمی قتل کر رہی ہے۔ ہم اپنے بچوں کے تعلیمی مستقبل محفوظ بنانے تک کسی حد تک جائیں گے۔ تحریک تحفظ سرکاری ملازمین کے مرکزی رابطہ سیکرٹری نے کہا کہ سب سیکٹر وائز تحریک تحفظ تعلیم کا تنظیمی ڈھانچہ بنا رہے ہیں۔ تعلیمی قتل کے حکومتی اقدام کے خلاف منظم لائحہ عمل بنائیں گے۔ تمام سب سیکٹرز کے سرکاری سکولوں کے سامنے اہلیان سیکٹر پر امن احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ والدین اپنے بچوں کی تعلیم بچانے کے لئے متحرک ہو جائیں۔