ٹی 20 ورلڈ کپ :پاکستان نے ورلڈ کپ میں بھارت سے ہارنے کی روایت برقرار رکھی

ٹی 20 تاریخ میں پہلی بار بھارت کو 119 رنز تک محدو د کرنے اور پوری ٹیم کو آئوٹ کرنے کے باوجود پاکستان میچ نہ جیت سکا
بھارتی بولرز نے 8 فیصد جیت کے امکان کو 100 فیصد میں بدل دیا،ایک ٹرننگ وکٹ پر پاکستانی بیٹر مایوسی کی تصویر نظر آئے
عیاں ہوگیاکہ پاکستانی بیٹرز نہ صرف دبائو میں کھیلنے کی اہلیت نہیں رکھتے بلکہ ایک ٹرننگ وکٹ پر کھیلنا بھی ان کے بس کی بات نہیں
جیت کے لئے سادہ سی حکمت عملی اپنائی تھی لیکن زیادہ ڈاٹ بال کھیل جانے کے باعث ٹارگٹ حاصل نہ کر پائے،بابرا عظم

اسلام آباد/ نیویارک(رپورٹ: محمد رضوان ملک)امریکہ میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو چھ رنز سے ہرا دیا۔ اس طرح پاکستان نے ورلڈ کپ میں بھارت سے ہارنے کی روایت برقرار رکھی۔اس میچ میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کو پہلی بار 119 رنز تک محدود کرنے اور پوری ٹیم کو آئوٹ کرنے کے ریکارڈ اپنے نام کرنے کے باوجود پاکستان میچ نہ جیت سکا۔ایک ٹرن وکٹ جہاں پر بال رک کر آرہا تھا پاکستانی بیٹر مایوسی کی تصویر نظر آئے بھارتی بولرز نے 8 فیصد جیت کے امکان کو 100 فیصد میں بدل کر یقینی شکست کو فتح میں بدل دیا۔میچ کے اختتام پر کپتان بابر اعظم نے کہاکہجیت کے لئے سادہ سی حکمت عملی اپنائی تھی لیکن زیادہ ڈاٹ بال کھیل جانے کے باعث ٹارگٹ حاصل نہ کر پائے۔
ایک اہم بات یہ ہوئی کہ چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو بھی اچھی طرح معلوم ہوگیا کہ ٹیم میں کیا چل رہا ہے اور انہوں نے اشارہ دیا ہے کہ ٹیم میں سرجری کریں گے۔اگر انہیں پتہ تھا تو کاش وہ یہ سب کچھ ورلڈ کپ سے پہلے کر لیتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔
اس میچ میں ایک اور بات بھی عیاں ہوگئی کہ پاکستانی بیٹرز نہ صرف دبائو میں کھیلنے کی اہلیت نہیں رکھتے بلکہ ایک ٹرننگ وکٹ پر کھیلنا بھی ان کے بس کی بات نہیں ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بیٹرز کی لاپروائی ، غیر ذمہ داری اور غفلت نے پاکستان کو جیتا ہوا میچ ہروا دیا۔پاکستانی بیٹرز بھارت کے خلاف 120 رنز کا ہدف بھی حاصل نہ کر سکے ۔ فخر زمان ، شاداب خان ، عماد وسیم کو جب سنگلز بنانے تھے اس وقت لمبی ہٹ لگانے کی کوششں کرتے رہے اور جب ہٹ لگانی تھیں تو سنگلز بنائے۔بھارت نے میچ 6 رنز سے جیت کر پاکستان کی سپر ایٹ تک رسائی تقریبا ناممکن بنا دی، اگر امریکا نے آئرلینڈ کو ہرا دیا تو پاکستان کیلئے ورلڈ کپ کا سفر ختم سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے شکست پر کہا ہے کہ قومی ٹیم کو چھوٹی نہیں بلکہ بڑی سرجری کی ضرورت ہے، وقت آگیا ہے کہ باہر بیٹھے ٹیلنٹ کو منوقع دیا جائے۔میچ کے بعد صحافیوں سے اپنی گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ آج کی شکست ہر لحاظ سے مایوس کن تھی، پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پر فارمنس پر ہے۔انہوں نے کہا کہ لگتا تھا کہ کرکٹ ٹیم کا چھوٹی سرجری سے کام چل جائے گا لیکن آج کی انتہائی خراب کارکردگی کے بعد یقین ہوگیا ہے کہ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قوم جلد بڑی سر جری ہوتی ہوئے دیکھے گی، ہمارا سب سے بڑا چیلنج ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی ایک بہترین ٹیم بنانا ہے، اچھی طرح معلوم ہے کہ ٹیم میں کیا چل رہا تھا اور ہارنے کی وجوہات کیا ہیں۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قوم کرکٹ ٹیم سے ایسی مایوس کن کارکردگی کی توقع نہیں رکھتی۔