
اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام سے سنکیانگ آئرن برادرز کمپنی لمیٹڈ پر مشتمل ایک اعلی سطحی چینی تجارتی وفد نے چار دیگر اہم چینی کاروباری اداروں کے ساتھ یہاں وزارت میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مسٹر یوآن جیان من (سینئر اور معروف ماہر اقتصادیات) نے کی اور اس کے ساتھ مختلف کاروباری اداروں کی نمائندگی کرنے والے اراکین بھی شامل تھے۔
اجلاس میں سیکرٹری وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان وسیم اجمل چوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری امور کشمیر خالد علی رضا گردیزی اور جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل سدھیر خان خٹک نے شرکت کی۔ قبل ازیںوزارت کے حکام نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک جامع شراکت داری ہے جو اعتماد، اقتصادی تعاون، سیکورٹی تعاون، ثقافتی تبادلے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عالمی تعاون پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی گلگت بلتستان کے ساتھ تقریبا 595 کلومیٹر طویل سرحد ہے۔ سرحدی خطہ اقتصادی اور ثقافتی اہمیت کا حامل ہے، دونوں خطوں کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تبادلے صدیوں پرانے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جی بی میں سرمایہ کاری سے چین اور پاکستان دونوں کو فائدہ ہو سکتا ہے، اقتصادی ترقی، علاقائی روابط اور مضبوط شراکت داری کو فروغ مل سکتا ہے۔
وفد نے جی بی اسپیشل اکنامک زون کی تعمیر میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ وفد نے پاکستان کے اہم شعبوں بشمول تجارت، زراعت، معدنیات، صنعتی مصنوعات کی پروسیسنگ، ثقافت، سرحد پار سیاحت، توانائی، چیمبر آف کامرس اور انٹرپرائزز میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے اعلی سطحی چینی تجارتی وفد کی ملاقات کی



