کراچی : مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کے بعد سابق سینٹر نہال ہاشمی کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے
پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنما اسد عثمانی نے تصدیق کی ہے کہ نہال ہاشمی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور انہوں نے گھر پر قرنطینہ اختیار کرلیا ہے۔
گزشتہ روز خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ن لیگ کے رہنما امیر مقام کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف نے امیر مقام کا کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے پیغام میں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امیر مقام خیبر پختونخوا میں پارٹی کا ایک متحرک نام ہیں، پارٹی کیلئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی امیر مقام کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔
یاد رہے کہ قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی کرونا سے متاثر ہوچکے ہیں تاہم وہ کرونا کو شکست دیتے ہوئے صحت یاب ہو چکے ہیں ۔ کرونا سے ہلاک ہونے والی واحد خاتون کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی کی رکن پنجاب اسمبلی تھیں جو کرونا سے جانبر نہ ہوسکیں اور جان کی بازی ہار گئیں۔


