
امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امریکا کے لیے اہمیت کا حامل ہے،دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اہم ہیں۔
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی، اس دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک امریکاتعلقات خطےمیں امن وسلامتی کے فروغ میں بھی اہم ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کا استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پر عزم ہے،ہم نے اس جنگ میں نتائج حاصل کیے ہیں۔
وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا کےساتھ بہترین تعلقات قائم کرنا اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا بھی چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر دفاع خرم دستگیر سمیت دیگر وزراء و رہنما بھی موجود تھے۔
پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی امریکی وفد کے ہمراہ اس ملاقا ت میں شریک تھے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن ایک روزہ دورہ پورہ کرنے کے بعد چکلالہ ایئربیس سے واپس روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی نائب صدر مائیک پینس کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی پر زور دیا گیا تھا،اسی سلسلے میں پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکا کا دورہ کیا اور امریکی وزیر خارجہ آج پاکستان آئے ہیں ۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ان کی انتظامیہ کے اہم وزیر کے دورۂ پاکستان کو امریکا کے دو طرفہ سفارتی اور دفاعی تعلقات کے نئے دور کا نکتہ آغاز قرار دیا جارہا ہے۔
پاکستان رواں سال دسمبر میں امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کی بھی میزبانی کرے گا۔




